Live Updates

متحدہ مجلس عمل کا سربراہ اجلاس،قومی وصوبائی اسمبلیوں میں حلف اٹھانے سے متعلق جماعت اسلامی کی تجویز کی توثیق،کل جماعتی کانفرنس میں مشترکہ اعلان کیا جائے گا،متحدہ مجلس عمل کے صدر مولانا فضل الرحمان کی پریس کانفرنس

بدھ 1 اگست 2018 00:17

متحدہ مجلس عمل کا سربراہ اجلاس،قومی وصوبائی اسمبلیوں میں حلف اٹھانے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2018ء) متحدہ مجلس عمل کے صدر مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف دھاندلی کے نتیجے میں بڑی جماعت ضرور بنی ہے لیکن اسے اکثریت حاصل نہیں ہے،اسے کس نے اختیار دیا ہے کہ وہ وزیراعظم کی نامزدگی وزراء کے ناموں کا اعلان اور گورنرز کی تبدیلی کی بات کرے،نگران حکومت اس بات کا نوٹس لے، ان خیالات کا اظہار انہوںنے منگل کو اسلام آباد میں متحدہ مجلس عمل کے سربراہی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

امیر جماعت سینیٹر سراج الحق، مولانا شاہ اویس نورانی،مولانا عبدالغفورحیدری،لیاقت بلوچ، اکرم خان درانی،مولانا ابوتراب ودیگر رہنما بھی موجود تھے ۔ متحدہ مجلس عمل نے قومی وصوبائی اسمبلیوں میں حلف اٹھانے سے متعلق جماعت اسلامی پاکستان کی تجویز کی توثیق کر دی ہے۔

(جاری ہے)

کل جماعتی کانفرنس میں مشترکہ اعلان کیا جائے گا۔ متحدہ مجلس عمل نے اپنی سطح پر احتجاجی مظاہروں کی کال دیدی ہے ۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ملک بھر میں کارکن دھاندلی کے خلاف اضلاع کی سطح پر اپنا احتجاج جاری رکھیں جبکہ کل جماعتی کانفرنس میں احتجاجی مظاہروں کا شیڈول طے کیا جائے گااور عوام کو ملک گیر احتجاج کی کال دی جائے گی ۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل مکمل طور پر متحد ہے اور اتفاق رائے سے فیصلے ہورہے ہیں اور ہوچکے ہیں ۔

اختلافات کی جو افواہیں پھیلائی گئی تھیں وہ اپنی موت آپ مر چکی ہیں حقائق سے ان افواہوں کا کوئی تعلق نہیں ہے انہوںنے کہا کہ پاکستان میں مذہبی جماعتوں کو عوام نے پچاس لاکھ ووٹ دیئے ہیں جو کہ دینی جماعتوں کی مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ پاکستان میں دینی جماعتیں گہری جڑیں رکھتی ہیں ۔ مولانا فضل الرحمان نے مطالبہ کیا کہ ملک بھر کے تمام حلقے کھول دیئے جائیں انگوٹھے اور مہر کے نشانات کی جانچ پڑتال کی جائے ۔

الیکشن کمیشن بار بار شفاف شفاف کی رٹ نہ لگائے ان کی شفافیت کے دعوے کو مسترد کرتے ہیں ۔ اگر کوئی چاہتا ہے کہ دھاندلی کی تحقیقات ہوں تو آئیں تمام حلقوں کو کھول دیں ، حلف اٹھانے سے متعلق جماعت اسلامی کی تجویز سے ایم ایم اے نے اتفاق کیا ہے اب اس کو آل پارٹیز کانفرنس میں لے کر جائیں گے اور مشترکہ حکمت عملی کے اعلان کی کوشش کی جائے گی ۔ ایک سوال کے جواب میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ڈی چوک میں احتجاج کیلئے جمع ہونے کی تجویز اچھی ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف تاریخ کی بدترین ہارس ٹریڈنگ میں ملوث ہے، ہارس ٹریڈنگ کو کل تک گالیاں دیتے تھے آج چاٹ رہے ہیں ہارس ٹریڈنگ کے نتیجے میں ملک پر مسلط کی جانے والی حکومت قابل قبول نہیں ہو گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات