مسلم لیگ (ن) عام انتخابات میں بڑی جماعت کے طور پر سامنے آئی ہے ،پنجاب میں حکومت بنانے کی پوری کوشش کریں گے ،

حکومت نہ بنا سکے تو بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے ، اراکین اپنی توجہ اگلے انتخابات پر مرکوز رکھیں، محمد شہباز شریف کا نو منتخب اراکین اسمبلی سے خطاب

بدھ 1 اگست 2018 00:19

مسلم لیگ (ن) عام انتخابات میں بڑی جماعت کے طور پر سامنے آئی ہے ،پنجاب ..
لاہور۔31جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) عام انتخابات میں بڑی جماعت کے طور پر سامنے آئی ہے ،پنجاب میں حکومت بنانے کی پوری کوشش کریں گے ،حکومت نہ بنا سکے تو بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے ، اراکین ثابت قدم رہیں کسی کے جھانسے میں نہ آئیں ، اراکین اپنی توجہ اگلے انتخابات پر مرکوز رکھیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں پارٹی کے نو منتخب اراکین پنجاب اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ محمد شہباز شریف نے تمام اراکین سے ان کی نشستوں پر جا کر ملاقات کی اور انہیں کامیابی پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر سردار ایاز صادق، حمزہ شہباز، رانا ثنا اللہ خان، رانا محمد اقبال ، ملک ندیم کامران سمیت دیگر بھی موجود تھے، اجلاس میں پنجاب میں حکومت بنانے اور اپوزیشن کا کردار نبھانے کے آپشنز پر بھی غور وخوض کیا گیا،ذرائع کے مطابق اجلاس میں لاہور اور قصور سے تعلق رکھنے والے اراکین نے تجویز دی کہ حمزہ شہباز شریف کو پنجاب میں قائد حزب اختلاف نامزد کیا جانا چاہیے۔

(جاری ہے)

محمدشہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اقتدار کی نہیں اقدار کی سیاست کرتی ہے۔ اللہ نے چاہا تو ہم حکومت بنائیں گے ،اگر ہم اپوزیشن میں بھی بیٹھے تو بھرپور کردار نبھائیں گے۔ محمد شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے دس سال عوام کی خدمت کی ہے ،مسلم لیگ (ن) عوامی خدمت کا سفر جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ اراکین ثابت قدم رہیں کسی کے جھانسے میں نہ آئیں ،مسلم لیگ (ن) کے اراکین اپنی توجہ اگلے الیکشن پر مرکوز رکھیں ،جو پارٹی چھوڑ کر گئے ہیں ان کا مستقبل تاریک ہے۔ محمدشہباز شریف نے کہا کہ اراکین اسمبلی نے مشکل حالات میں بھی محمدنوازشریف کی لیڈر شپ میں کامیابی حاصل کی ہے ،انتہائی ناسازگار اورمشکل حالات میں آپ جیت کر آئے ہیں جس پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔