کیئربین لیگ ،کئی پاکستانی کھلاڑیوں کو این او سی مل گئے جبکہ چند کو نہ مل سکے

بدھ 1 اگست 2018 14:45

لاہور۔یکم اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2018ء) کیئربین کرکٹ لیگ میں حصہ لینے کے لئے شعیب ملک ،فاسٹ بولر محمد عرفان ،عماد وسیم اور دیگر کھلاڑیوں کوپی سی بی سے اجازت مل چکی ہے جبکہ فاسٹ بولر وہاب ریاض،جنید خان یاسر شاہ کو اجازت نہیں ملی ہے،ٹورنامنٹ میں شریک ایک کھلاڑی شاہد خان آفریدی کو این او سی درکار نہیں کیوں کہ وہ ریٹائر کھلاڑی ہیں۔

وہاب ریاض کو این او سی ملنے کے روشن امکانات ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یاسر شاہ کو مڈل سیکس کاؤنٹی کی جانب سے کھیلنے کی پیشکش ہے لیکن نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کی سیریز کی اہمیت کے پیش نظر انہیں بھی این اوسی جاری نہیں کی گئی ہے جبکہ جنید خان کو بھی ہوم سیریز سے قبل اپنی فٹنس بہتر بنانے کی ہدایت کی گئی جبکہ وہاب ریاض اس سال ایک ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کھیل چکے ہیں اس لیے دوسرے ٹورنامنٹ کے لیے انہیں خصوصی اجازت درکار ہوگی۔

(جاری ہے)

پی سی بی کی نئی پالیسی کے تحت ایک سال میں ایک کھلاڑی دو ٹی ٹوئنٹی لیگز کھیل سکتا ہے۔ اس میں پاکستان سپر لیگ بھی شامل ہے۔ یہ پالیسی سینٹرل کنٹریکٹ کے حامل والے کھلاڑیوں کے لیے ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وہاب ریاض چوںکہ پاکستان ٹیم کا حصہ نہیں ہیں اس لیے بورڈ نے انہیں خصوصی اجازت دینے کے لیے مکی آرتھر سے مشاورت کی تھی اور مکی آرتھر نے بھی بورڈ کو یہی رائے دی ہے کہ وہاب ریاض کو این او سی جاری کردیا جائے۔اسلئے توقع کی جارہی ہے کہ وہاب ریاض کو جلد ہی این او سی جاری کردیا جائے گا ۔