نگران وفاقی وزیر محمد یوسف شیخ کا اوپن یونیورسٹی کا دورہ، یونیورسٹی کے ملک گیر نیٹ ورک، تعلیمی خدمات اور طلباء کی سہولتوں میں اضافہ کیلئے اقدمات کو سراہا

بدھ 1 اگست 2018 18:04

اسلام آباد ۔ یکم اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2018ء) نگران وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت محمد یوسف شیخ نے بدھ کو علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا دورہ کیا۔ انہوں نے یونیورسٹی کے ملک گیر نیٹ ورک، تعلیمی خدمات اور طلباء کی سہولتوں میں اضافہ کیلئے حالیہ اقدمات کو شاندار الفاظ میں سراہا۔ یونیورسٹی آمد پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے سینئر اکیڈمک سٹاف اور آفیسرز کے ہمراہ نگران وفاقی وزیر کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔

وفاقی وزیر نے یونیورسٹی ملازمین کی پروفیشنل ڈویلپمنٹ کیلئے تربیتی پروگرامز اور ملک کے چار محروم طبقات جن میں ڈراپ آئوٹ گرلز ،ْ قیدی ،ْ معذور افراد اور خواجہ سراء شامل ہیں، کے لئے یونیورسٹی کی مفت تعلیمی خدمات کو قابل ستائش قرار دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے فاٹا اور بلوچستان کیلئے یونیورسٹی کی جانب سے میٹرک کی مفت تعلیم کی سہولت کو بھی سراہا۔

وفاقی وزیر تعلیم نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تعلیم کے گزشتہ روز منعقدہ اجلاس میں بھی اوپن یونیورسٹی کی ملک گیر تعلیمی خدمات پر بات کی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ اوپن یونیورسٹی 1974ء میں وجود میں آنے کے بعد سے اب تک تعلیم کے میدان میں نمایاں کردار ادا کرتی آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی کی خوش قسمتی ہے جس کو پاکستان کی صف اول کے ماہر تعلیم پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی کی قیادت میسر ہے جو گذشتہ تین دہائیوں سے پاکستانی نظام تعلیم کے ساتھ ایک ماہر استا د کی حیثیت سے وابستہ ہیں اور جو فاصلاتی نظام تعلیم کے انتظامی اور تعلیم و تربیت کے امور سے بخوبی آگاہ ہیں۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے وفاقی وزیر تعلیم کو یونیورسٹی کی پروفائل ،ْ ریسرچ کلچر کے فروغ کیلئے اقدامات اور کامیابیوں ،ْ پروفیشنل ڈویلپمنٹ کیلئے تربیتی ورکشاپس ،ْ درسی کتب پر نظر ثانی ،ْ نئے تعلیمی پروگرامز کی لانچنگ ،ْ لائبریریوں میں نابینا افراد کے لئے ای لرننگ ایکسسیبلٹی سینٹرز کے قیام پر تفصیلی بریفنگ دی۔