امریکا دہشت گردوں سے تعلق کے الزام میں گرفتار پاسٹر اینڈریو برنسن کے معاملہ میں صلیبی اور صیہونی ذہنیت کا مظاہرہ کر رہا ہے، ترک صدر

بدھ 1 اگست 2018 18:04

انقرہ ۔ یکم اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2018ء) ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ امریکا دہشت گردوں سے تعلق کے الزام میں گرفتار پاسٹر اینڈریو برنسن کے معاملہ میں صلیبی اور صیہونی زہنیت کا مظاہرہ کر رہا ہے۔انقرہ میں میڈیا سے گفتگو میں ترک صدر نے کہا کہ وہ پاسٹر اینڈریو برنسن کے معاملہ پر امریکی دھمکیوں سے مرعوب نہیں ہوں گے۔

پاسٹر اینڈریو برنسن ترکی کے شہر ازمیر میں پروٹسٹنٹ فرقے کے چرچ سے منسلک ہیں۔ان کو گذشتہ ہفتے گھر میں نظر بند کیا گیا ہے۔امریکی حکام نے ترکی کی طرف سے ان کو بیرون ملک سفر کی اجازت نہ دینے پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور نائب صدر مائیک پنس نے پاسٹر اینڈریو برنسن کو آزاد نہ کرنے کی صورت میں ترکی کو دردناک پابندیوں کی دھمکی دی ہے۔

(جاری ہے)

ترک صدر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ انہیں امریکی حکام کی اس دھمکی آمیز گفتگو کی کوئی پرواہ نہیں۔امریکا کے نائب صدر نے گذشتہ ہفتے ایک بیان میں کہا تھا کہ پاسٹر اینڈریو برنسن کو اقلیتی برادری سے تعلق کی وجہ سے نشانہ بنایا جا رہا ہے لیکن ترکی کی مذہبی اقلیتوں کی طرف سے گذشتہ روز جاری مشترکہ بیان میں امریکی نائب صدر کے اس بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ترکی میں مذہبی اقلیتوں کو مکمل آزادی حاصل ہے اور ان کے ارکان کو مذہبی فرائض کی ادائیگی میں کسی قسم کے دبائو کا سامنا نہیں ۔

ترک حکام نے پاسٹر اینڈریو برنسن پر فتح اللہ گولن سے منسلک دو دہشت گرد گروپوں سے روابط اورجاسوسی کے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔ان کا مقدمہ عدالت میں ہے اور اس مقدمہ کی آئندہ پیشی 12 اکتوبر کو ہونا ہے۔عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق پاسٹر اینڈریو برنسن کے معاملہ پر نیٹو کے رکن ممالک امریکا اور ترکی کے درمیان کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔