لاہور ہائیکورٹ، رانا ثناء اللہ کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری نہ کرنے کی درخواست پر وکیل کو مزید دلائل دینے کی ہدایت

بدھ 1 اگست 2018 18:04

لاہور ہائیکورٹ، رانا ثناء اللہ کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری نہ کرنے ..
لاہور۔یکم اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللہ کی بطور ایم این اے کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری نہ کرنے کی درخواست پر درخواست گزار وکیل کو مزید دلائل دینے کی ہدایت کر دی۔ جسٹس شاہد کریم نے این اے 106 فیصل آباد سے ناکام امیدوار ڈاکٹر نثار احمد کی درخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کے روبرو پیش ہو کر درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق دلائل دینے کے لیے مہلت طلب کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر درخواستگزار وکیل سے درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق دلائل طلب کر لئے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت رانا ثناء اللہ کو نااہل قرار دیکر الیکشن کمیشن کو راناثناء اللہ کا بطور ایم این اے کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کر نے سے روکا جائے، عدالت نے درخواست پر مزید کارروائی 6 اگست تک ملتوی کردی۔