بیرونی قوتیں منظم منصوبہ بندی کے تحت ملک میں انتشار و افتراق کی فضا پیدا کرنا چاہتی ہیں،حافظ محمد سعید

بدھ 1 اگست 2018 22:51

بیرونی قوتیں منظم منصوبہ بندی کے تحت ملک میں انتشار و افتراق کی فضا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 اگست2018ء) امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ پاکستان کو اس وقت مختلف اندرونی و بیرونی چیلنجز درپیش ہیں۔ محب وطن قیادت ہی ملک کو مشکلات سے نکال سکتی ہے۔فرقہ واریت اور پارٹی بازی نے ملک کو شدید نقصانات سے دوچار کیا ہے۔ بیرونی قوتیں منظم منصوبہ بندی کے تحت ملک میں انتشار و افتراق کی فضا پیدا کرنا چاہتی ہیں۔

ملک میں اتحادویکجہتی کا ماحول پیدا کرنا انتہائی ضروری ہے۔ملی مسلم لیگ وطن عزیز پاکستان میں نظریہ پاکستان اور خدمت انسانیت کی سیاست کو فروغ دے رہی ہے۔وہ ملی مسلم لیگ کے زیر اہتمام جامع مسجد حیات الاسلام حافظ آباد میں کارکنان کی نشست اور بعد ازاں مختلف وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد، نصر جاوید، ابو ذر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

جماعةالدعوة کے سربراہ حافظ محمد سعید نے اپنے خطاب میں کہاکہ خدمت انسانیت اور مضبوط پاکستان ہماری سیاست کا بنیادی ایجنڈا ہے۔اسلام دشمن قوتیں ملک میں فرقہ واریت، لسانیت و صوبائیت پرستی پھیلانا اور وطن عزیز کونقصان پہنچانا چاہتی ہیں۔ ہم نے پاکستان میں دفاع کی بنیاد پر اتحاد ویکجہتی کا ماحول پیدا کرنا اور بیرونی قوتوں کی مداخلت کے راستے بند کرنے ہیں۔

ہم استحکام پاکستان کو اولیت دیتے ہیں۔قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں کلمہ طیبہ کی بنیاد پرمسلمان متحد ہوئے اور یہ ملک معرض وجود میں آیا اسی کلمہ کی بنیاد پرہی اب بھی مسلمان متحد و منظم ہو سکتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ہم لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کر کے حاصل کئے گئے اس ملک کو مدینے والا پاکستان بنانا چاہتے ہیں ۔ ملی مسلم لیگ عوام میں شعور بیدار کرکے اس مملکت خداداد کی نظریاتی سرحدوں کے تحفظ کی زبردست تحریک کھڑی کرے گی۔

ہمارا بنیادی مقصد پاکستان کی عوام کو کلمہ طیبہ لاالہ الااللہ محمد رسول اللہ کی بنیاد پر اکٹھاکرنا ہے۔ملی مسلم لیگ نے اس سلسلہ میں کام کا آغاز کیا تو ملک بھر سے زبردست عوامی حمایت مل رہی ہے۔ ہم لوگوں کو مایوسیوں اور اندھیروں سے نکال کر روشنیوں کی طرف لائیں گے۔حافظ محمد سعید نے کہاکہ ریلیف سرگرمیوں کی طرح سیاسی میدان میں بھی عوامی امنگوں کی ترجمانی کریں گے۔

یونین کونسل کی سطح پر رفاہی سرگرمیوں کا نیٹ ورک وسیع کیا جائے گا۔ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد، نصر جاوید، ابو ذر اور دیگر نے کہاکہ ملی مسلم لیگ نظریہ پاکستان ہی بقائے پاکستان کے تحت پوری قوم کو ایک پلیٹ فارم پر مجتمع کرے گی اور فرقہ واریت، پارٹی پازی اور گروہ بندیوں کا خاتمہ کر کے ملک میں اتحادویکجہتی کا ماحول پیدا کیا جائے گا۔انہوںنے کہاکہ ملی مسلم لیگ خدمت انسانیت اور نظریہ پاکستان کی بنیاد پر سیاست کرے گی۔ ہم قوم کی خدمت اوراس ملک کو ناقابل تسخیر بنانے کیلئے میدان میں آئے ہیں۔ملک بھر میں اپنی سیاسی سرگرمیاں بھرپور انداز میں جاری رکھیں گے۔