پریس اور پولیس کاآپس میں چولی دامن کا ساتھ ہے،آئی جی خیبرپختونخوامحمدطاہر

بدھ 1 اگست 2018 23:06

پشاور ۔یکم اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2018ء) یوم شہدائ پولیس کو بھرپور طریقے سے منانے کیلئے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے کرائمز رپورٹروںاور انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا و پولیس شہداء کمیٹی کے اعلیٰ پولیس حکام کا ایک اجلاس گزشتہ روز سنٹرل پولیس آفس پشاور میںمنعقد ہوا۔انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا محمد طاہر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پریس اور پولیس کاآپس میں چولی دامن کا ساتھ ہے اور بالخصوص کرائمز رپورٹروں پولیس فورس کے لیے آنکھ اور کان کی حیثیت رکھتے ہیں۔

دہشت گردی کا کوئی بھی واقعہ ہو، کرائم رپورٹرز پولیس کے ساتھ موقع پر پہنچ کر فرائض سرانجام دیتے ہیں اوردہشت گردی کے خلاف جنگ میں انہوں نے پولیس کے ساتھ ملکر فرائض کی ادائیگی کے دوران قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر فوکل پرسن برائے شہداء کمیٹی ڈی آئی جی ڈاکٹر فصیح الدین نے کہا کہ کرائم رپورٹرز اور صحافیوں کی تحریریں اور رپورٹنگ پوری قوم سمیت پولیس فورس کے لیے مشعل را ہ کاکام سرانجام دیتی ہیں اوران کے آراء ، مشوروں اور راہنمائی سے یوم شہداء پولیس کو شایان شان طریقے سے منانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج وہ جس آزاد فضاء میں سانس لے رہے ہیں وہ خیبر پختونخوا پولیس کی لازوال قربانیوں کی مرہون منت ہے۔ جنہوں نے اپناآج ہماری کل پر قربان کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوم شہداء پولیس کو بہتر انداز میں منانے کے لیے پولیس کو میڈیا کی رہنمائی اور تعاون کی اشد ضرورت ہے اور میڈیا سے وابستہ افراد کی رہنمائی سے پولیس کیلئے روشن راہیں متعین کی جاسکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پولیس دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن کی حیثیت سے لڑ رہی ہے اور پولیس شہداء کا یوم مناناکوئی رسم یا ریت نہیں بلکہ’’ کمیٹمنٹ اوروفا‘‘ کا دن ہے۔ اس دن ساری قوم کو ایک صفحے پر ہونا چاہئے۔اس موقع پر پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے کرائمز رپورٹروں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبر پختونخوا پولیس کی قربانیوںکی تعریف کی۔ انہوں نے 2009 میں پریس کلب پر خودکش حملہ کے وقت بالخصوص پولیس ہیڈ کانسٹیبل ریاض الدین کی جرات وبہادری کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کو اجاگر کرنا ان کا اخلاقی اور پیشہ ورانہ ذمہ داری ہے۔ وہ پہلے بھی شہداء کے کارناموں کو اجاگر کر چکے ہیں اورآئندہ بھی اپنی اس ذمہ داری کو بطریق احسن نبھانے کے لیے کسی سے پیچھے نہیں رہیں گے۔ انہوں نے یوم شہداء پولیس کو شایان شان طریقے سے منانے کے لیے اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا اورایونٹ کو مزید بہتر انداز میں منانے کے لیے قیمتی آراء اور تجاویز بھی پیش کیں۔تمام ارکان نے پولیس اور پریس کاآپس میں مل بیٹھنے کو دونوں کے لیے لازمی اور معاشرے کے وسیع تر مفاد میں اچھا اقدام قرار دیا۔