3 ڈالر کی بچت کرکے دریا میں گاڑی کو دھونے والے شخص کو جان کےلالے پڑگئے

Ameen Akbar امین اکبر بدھ 1 اگست 2018 23:56

3 ڈالر کی بچت کرکے دریا میں گاڑی کو دھونے  والے شخص کو جان کےلالے پڑگئے
ایک چینی شخص نے اپنی قیمتی لینڈ روور کو 20 یوان یا 3 ڈالر بچانے کی خاطر دریا میں چلا دیا تاکہ اس کم گہرے دریا میں چلنے سے گاڑی  دھل جائے۔
چین کے صوبے سیچوان میں دوجیانگ یان کے فائر سروس ڈیپارٹمنٹ نے بتایا کہ انہوں نے قریبی دریا سے ایک شخص کو بچایا ہے۔ اس شخص نے 20 یوان بچانے کے لیے گاڑی دریا میں چلائی تاکہ یہ دھل جائے لیکن اسی وقت ڈیم کے دروازے کھل گئے اور دریا میں ایک ہی دم پانی کی سطح بہت بلند ہوگئی۔

یہ دیکھ کر وہ شخص گاڑی سے اترا اور قریب خشک جگہ پر چڑھ گیا۔

(جاری ہے)

اسی وقت قریب سے گزرنے والے کچھ لوگوں نے پولیس اور فائر سروس ڈیپارٹمنٹ کو فون کر دیا۔ فائر سروس ڈیپارٹمنٹ نے اسے اور اس کی گاڑی کو کامیابی سے بچا لیا۔
یہ خبر اور اس کی ویڈیو چینی سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی۔ ایک سوشل میڈیا صارف نے اس پر تبصرہ کیا کہ ”اب کار اچھی طرح صاف ہو گئی ہے“۔ ایک دوسرے شخص نے لکھا کہ ”امیر لوگ زیادہ کنجوس ہوتے ہیں“۔ سوشل میڈیا پر صرف ایک صارف کے سوا سب سے اس شخص کا مذاق اڑایا۔ اس کی تعریف کرنے والے شخص کا کہنا ہے کہ  یہ3 ڈالر بچانے کی بات ہیں، اس سے بہت سی توانائی اور پینے کا پانی بھی ضائع ہونے سے بچ گیا ہے، میں ہمیشہ اپنی گاڑی بارش کے بعد ھوتا ہوں۔