کپتان کی حکومت آنے سے قبل ہی کرکٹرز مالا مال ہوگئے

کرکٹ بورڈ کے افسران ،کوچز، امپائروں ، میچ ریفریز کی تنخواہوں میں بھی غیر معمولی اضافہ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 2 اگست 2018 12:22

کپتان کی حکومت آنے سے قبل ہی کرکٹرز مالا مال ہوگئے
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔2 اگست 2018 ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کئی سفارشات کو سامنے رکھتے ہوئے پاکستانی کرکٹرز، بورڈ کے افسران ،کوچز، امپائروں اور میچ ریفریز کی تنخواہوں میں غیر معمولی اضافہ کردیا ہے۔ پی سی بی نے 31 کھلاڑیوں کو ایک ماہ کےلئے سینٹرل کنٹریکٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کا اعلان اگلے ایک دو دن میں کردیا جائے گا۔

کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ کے علاوہ میچ فیس اور دیگر مراعات میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ پی سی بی ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ ایچ آر کمیٹی کی سفارش پر کیا گیا ہے۔پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے پاکستان کرکٹ بورڈ چیئرمین نجم سیٹھی سے ملاقات کی جس میں انہیں بتایا گیا کہ کمیٹی کی سفارشات کے بعد پاکستانی ٹیم کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ، میچ فیس اور دیگر مراعات میں اضافہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

نجم سیٹھی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے تصدیق کی کہ سرفراز احمد نے پاکستانی ٹیم کی جانب سے نئے معاوضوں کے اضافے کے شیڈول پر دستخط کردیئے، نئے معاہدوں پر عمل درآمد یکم جولائی سے ہوگا۔نجم سیٹھی نے کہا کہ ریجنل کوچز ،امپائروں اور میچ ریفریز کی کارکردگی میں بہتری لانے کےلئے ان کے معاوضوں میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ریجنل کوچز کے معاوضوں میں اضافہ ڈائریکٹر گیم ڈیولپمنٹ مدثر نذر کی سفارش پر کی گئی ہے۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ملازمین کی تنخواہوں میں دس فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔نچلے درجے کے ملازمین جن کی تنخواہ چالیس ہزار سے کم ہے ان کی تنخواہوں میں پندرہ فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ان کا کہنا کہ بورڈ کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ معمول کی سالانہ کارروائی ہے تاہم کھلاڑیوں،کوچز،امپائروں ،میچ ریفری اور ملازمین کی تنخواہوں کو ان کی کارکردگی سے مشروط کیا گیا ہے۔

ہر ایک کو بتادیا گیا ہے کہ بورڈ آپ کی تنخواہوں اور معاوضوں میں اضافہ کررہا ہے لیکن اس کےلئے مستقبل میں ہر ایک کو کارکردگی میں بہتری لانا ہوگی۔نجی ٹی وی کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی میچ فیس اور سینٹرل کنٹریکٹ میں معاوضے تین سال پہلے بڑھے تھے اس وقت بورڈ نے مصباح الحق ،اظہر علی اور شاہد آفریدی سے کئی ملاقاتوں کے بعد فارمولا طے کیا تھا۔

اب سرفراز احمد کو تفصیلات بتا کر کمیٹی نے ان سے معاہدہ کیا ہے۔ سینٹرل کنٹریکٹ کی کمیٹی میں ڈائریکٹر کرکٹ ہارون رشید،ڈائر یکٹر گیم ڈیولمپنٹ مدثر نذر اور چیف سلیکٹر انضمام الحق شامل تھے۔ حددرجہ ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ تین سال بعد کھلاڑیوں کے معاوضے میں ہوشربا اضافہ پاکستان ٹیم کی غیر معمولی کارکردگی کے بناءپر کیا گیا ہے۔ پاکستان ٹیم نے اس دوران چیمپئنز ٹرافی جیتی اور ٹی ٹونٹی میں چھ ماہ سے زائد عرصہ گزرنے کے بعد عالمی نمبر ایک پوزیشن کو برقرار رکھا ہے۔

31 کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ دیتے ہوئے ڈومیسٹک کرکٹ کے ٹاپ پر فارمرز شان مسعود،سعد علی،میر حمزہ،بلال آصف،عمید آصف،عثمان شنواری کو سینٹرل کنٹریکٹ کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ فاسٹ بولر رومان رئیس کا سینٹرل کنٹریکٹ ان کی فٹنس سے مشروط ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اوپنر احمد شہزاد اور عمر اکمل سینٹرل کنٹریکٹ کی فہرست میں جگہ بنانے میں ناکام رہے ہیں جبکہ سینیئر کھلاڑی محمد حفیظ او وہاب ریاض کی بھی تنزلی ہوجائے گی۔

گزشتہ ایک سال کی کارکردگی کی بنیاد پر نوجوان کھلاڑیوں بابراعظم، امام الحق، فخر زمان، حسن علی، شاداب خان اور فہیم اشرف کو ترقی ملنے کا امکان ہے۔سینئر کھلاڑی کپتان سرفراز احمد، شعیب ملک،محمد عامر،اظہرعلی، یاسر شاہ بدستور اے کٹیگری میں رہیں گے۔