پنجاب پولیس کے ڈی آئی جی افسر نے کینیڈا میں 16 لاکھ ڈالر کا مکان خرید لیا

معروف صحافی رؤف کلاسرا نے ڈی آئی جی سے متعلق نیا انکشاف کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 2 اگست 2018 13:32

پنجاب پولیس کے ڈی آئی جی افسر نے کینیڈا میں 16 لاکھ ڈالر کا مکان خرید ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 02 اگست 2018ء) : پاکستان کے معروف صحافی رؤف کلاسرا نے پنجاب پولیس کے ایک ڈی آئی جی سے متعلق انکشاف کر دیا۔ مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں رؤف کلاسرا نے کہا کہ پنجاب پولیس میں گریڈ 19 کا ایک DIG افسر ہے۔ جس نے حال ہی میں اپنے بیوی بچے کینیڈا شفٹ کیے ہیں۔ اور کینیڈا میں سولہ لاکھ ڈالرز کا ایک گھرخریدا ہے۔

اس افسر کے خاندان کو پہلے سے ہی کینیڈا کی شہریت مل چکی ہے۔ اپنی شہریت پکی کرنے کے لیے ان موصوف نے ایک سال کی چھٹی لی اور آج کل خود بھی کینیڈا میں ہیں۔یہ ملک ان سب کی چراہگاہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے لوگ جب واپس لوٹ کر آئیں گے تو پھر لُوٹ مار کریں گے اور اسی لُوٹ مار سے کینیڈا ڈالرز بھیجیں گے۔
دوسری جانب نجی ٹی وی چینل پر اپنے پروگرام میں بھی معروف صحافی رؤف کلاسرا نے کہا کہ ہمارے ملک میں ٹاپ کے افسران کے پاس دوہری شہریت ہے ، نادرا میں ، دفتر خارجہ ، وزارت داخلہ میں بھی کئی افسران کی دوہری شہریت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کرپشن کی سب سے بڑی وجہ ہی دوہری شہریت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں چیف جسٹس صاحب سے بڑی اُمیدیں ہیں، جب تک بیوروکریسی کے لوگوں کی دوہری شہریت ہے تب تک اس ملک سے کرپشن ختم نہیں ہو گی۔ انہوں نے چیف جسٹس کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ آپ ایک کام کریں کہ آپ کے پاس دوہری شہریت رکھنے والے جتنے لوگوں کی فہرست ہے، ان میں سے پندرہ لوگوں کو بلوالیں ان کی تنخواہ اورٹیکس ریٹرن کی تفصیلات منگوا لیں اور ان سے پوچھ لیں کہ آپ کو یہ دوہری شہریت کیسے ملی اور ان کے بچے کیسے باہر پڑھ رہے ہیں؟ آپ ان کو فنڈ کیسے کرتے ہیں، آپ ان سے ملنے کیسے جاتے ہیں؟ آپ نے تین سال وہاں کیسے گزارے ہیں اور آپ کے پاس پیسے کہاں سے آئے؟ آپ نے چھُٹیاں کیسے لی ہیں؟