Live Updates

نوجوت سنگھ سدھو نے عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی دعوت قبول کرلی

عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کرنا میرے لیے باعث اعزاز ہے‘سابق کرکٹر و سیاستدان

جمعرات 2 اگست 2018 15:20

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اگست2018ء) سابق بھارتی کرکٹر، سیاستدان اورکامیڈی شو کے جج نوجوت سنگھ سدھو نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے بھیجاجانے والا دعوت نامہ قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان صاحب کردار شخص ہیں اور پاکستان جاکر ان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کرنا میرے لیے باعث اعزاز ہوگا۔پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے گزشتہ روز عمران خان کی بطور وزیر اعظم تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو، سنیل گواسکر، کپل دیواوراداکار عامر خان کو دعوت نامہ بھیجا گیا تھا۔

نوجوت سنگھ سدھو یہ دعوت نامہ قبول کرنے والے پہلے شخص ہیں۔ انہوں نے پی ٹی آئی کا دعوت نامہ قبول کرتے ہوئے پاکستان کے متوقع وزیر اعظم عمران خان کو صاحب کردار شخص قرار دے دیا۔

(جاری ہے)

نوجوت سنگھ سدھو نے کہا کہ پاکستان جاکر عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کرنا ان کے لیے باعث اعزاز ہے، میں یہ دعوت نامہ قبول کرتاہوں، باصلاحیت اور ذہین لوگوں کی تعریف کی جاتی ہے، لوگ ہمیشہ طاقتورسے ڈرتے اور صاحب کردار شخص پر بھروسہ کرتے ہیں، عمران خان ایک صاحب کردار شخص ہیں اور ان پر بھروسہ کیا جاسکتا ہے۔

نوجوت سنگھ سدھو نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں میں لوگوں کو متحد کرنے اور رکاوٹوں کو ہٹانے کی قابلیت ہوتی ہے، لہذا وہ اس تقریب حلف برداری میں ضرور شرکت کریں گے۔واضح رہے کہ عمران خان 11اگست کو وزارت عظمی کا حلف اٹھائیں گے جب کہ تقریب حلف برداری ایوان صدر میں منعقد کی جائے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات