سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے جولائی میں 1076 نئی کمپنیاں رجسٹر کیں

جمعرات 2 اگست 2018 19:34

سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے جولائی میں 1076 نئی کمپنیاں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2018ء) سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے جولائی میں کل 1076 نئی کمپنیاں رجسٹر کیں جو کہ گزشتہ سال کے اس ماہ کے مقابلہ میں 30 فیصد زیادہ ہیں، اب رجسٹرڈ کمپنیوں کی تعداد 88701 ہو گئی ہے۔ ایس ای سی پی کی جانب سے کمپنیوں کی رجسٹریشن کے عمل کو آسان بنانے کیلئے کی گئی اصلاحات اور رجسٹریشن کی فیسوں میں نمایاں کمی کے باعث رجسٹریشن کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے۔

رجسٹریشن حاصل کرنے والی 73 فیصد کمپنیاں پرائیویٹ لمیٹڈ ہیں جبکہ 24 فیصد سنگل ممبر اور 3 فیصد کمپنیوں نے بطور پبلک ان لسٹڈ، غیر منافع بخش،غیر ملکی اور لمیٹڈ لائیبلٹی پارٹنرشپ شامل ہیں۔ سب سے زیادہ کمپنیاں تجارت کے شعبہ میں رجسٹر ہوئیں، ان کی تعداد 197 ہے۔

(جاری ہے)

تعمیرات میں 135، خدمات میں 126، آئی ٹی 111، سیاحت میں 46، رئیل اسٹیٹ میں 35، تعلیم، مارکیٹنگ اور ڈویلپمنٹ شعبوں میں سے 33، 33، انجنیئر نگ میں 32، کارپوریٹ ایگری کلچر فارمنگ میں 31، خوراک و مشروبات میں 25 کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔

براڈکاسٹنگ اور ٹیلی کاسٹنگ، ٹیکسٹائیل اور ٹرانسپورٹ میں 18، 18، ایندھن و توانائی اور صحت میں 17، 17، دوا سازی میں 15 کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔ کیبل اور برقی سامان اور پیپر اور بورڈ 11، 11 اور 147 کمپنیاں دیگر شعبوں میں رجسٹرڈ ہوئیں۔ علاوہ ازیں 8 غیر ملکی کمپنیاں کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں رجسٹر ہوئیں۔ 47 نئی کمپنیوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی گئی۔ ان سرمایہ کاروں کا تعلق آسٹریلیا، چین، جرمنی، جنوبی کوریا، نیدرلینڈز، ناروے، سنگاپور، سپین، تھائی لینڈ، ترکی اور برطانیہ سے ہے۔ 432 کمپنیاں اسلام آباد، 285 لاہور اور 175 کراچی میں رجسٹر ہوئیں۔ پشاور، گلگت بلتستان، ملتان، فیصل آباد، کوئٹہ اور سکھر میں بالترتیب 68، 49، 33، 21، 8 اور 5 کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔