پشاور ،ڈیرہ ڈویژن میں سہ روزہ انسداد پولیو مہم 6 اگست سے شروع ہو رہی ہے، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نور عالم خان محسود

جمعرات 2 اگست 2018 22:38

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 اگست2018ء) کمشنر ڈیرہ ڈویژن جاوید مروت کی ہدایت پر ان کے دفتر میں ڈیرہ ڈویژن میں سہ روزہ انسداد پولیو مہم جو اس ماہ کی 6اگست سے شروع ہو رہی ہے کے انتظامات سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نور عالم خان محسود نے کی۔ اجلاس میں دوسروں کے علاوہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ضلع جنوبی وزیرستان، اے سی آر ڈیرہ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرزڈیرہ و ٹانک، ای پی آئی و ڈبلیو ایچ او کے نمائندوں، این ایس ٹی او پی آفیسرز ڈیرہ، ٹانک، جنوبی وزیرستان، محکمہ تعلیم ، صحت ، پولیس و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں ماہ کی 6تاریخ سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کیلئے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

پولیو ٹیموں کی تربیت ، سیکورٹی پلان اور لاجسٹک سپورٹ کے علاوہ سابقہ انسداد پولیو مہموں کے دوران پائے جانے والے نقائص کے ازالے کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں 2لاکھ 80ہزار سے زائد بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلوانے کا ہدف پورا کیا جائیگاجبکہ مہم کے دوران 61یوپیک انچارج، 310ایریا انچارج، 1200موبائل ٹیمیں، 72فکسڈ اور 108ٹرانزٹ ٹیمیں اپنے فرائض سرانجام دیں گی۔

اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نور عالم خان محسود نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کی کامیابی معاشرے کے تمام طبقات کے باہمی تعاون سے ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ والدین اپنے 5سال تک کی عمر کے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے ہر مہم کے دوران ضرور پلوائیں تاکہ کوئی بچہ قطروں سے محروم رہ کر عمر بھر کی معذوری کا شکار نہ بن جائے۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک مقدس فریضہ ہے جس سے عہدہ برآں ہوناہر شہری کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے پولیو مہم کے دوران سیکورٹی انتظامات کو فول پروف بنانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پولیو ٹیموں کی نگرانی کا موثر نظام ترتیب دیا جائے اور تمام عملہ اپنے فرائض احسن طور پر سرانجام دے۔