Live Updates

آل پارٹیز کانفرنس میں اپوزیشن کاپارلیمنٹ میں جانے کا فیصلہ خوش آئند ہے ، پارلیمنٹ ہی سپریم قومی ادارہ ہے، اگر اپوزیشن سمجھتی ہے کہ انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے تو اس پر مذاکرات ہو سکتے ہیں

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

جمعہ 3 اگست 2018 01:20

اسلام آباد ۔ 2 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے آل پارٹیز کانفرنس میں اپوزیشن کے اس فیصلے کو سراہا ہے کہ وہ پارلیمنٹ میں جائیں گے کیونکہ پارلیمنٹ ہی سپریم قومی ادارہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن سمجھتی ہے کہ انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے تو اس پر مذاکرات ہو سکتے ہیں۔

جمعرات کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی تمام سیاسی جماعتوں سے تعاون کیلئے تیار ہے اور ان کی شکایات ترجیحی بنیادوں پر دور کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام مسائل پر بات چیت کیلئے پارلیمنٹ مناسب فورم ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء کے انتخابات آزادانہ، منصفانہ اور شفاف تھے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ممبران کی تعیناتی پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے کی اور ان انتخابات میں دھاندلی کی کوئی اطلاع نہیں آئی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف حلقوں کو دوبارہ کھولنے یا دوبارہ گنتی میں تعاون کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایسا سسٹم متعارف کراناچاہئے کہ انتخابی عمل پر کوئی اعتراض نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے وی آئی پی کلچر کے خاتمہ کیلئے وزیراعظم ہائوس میں نہ رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات