10سالوں میں وزیراعظم سمیت 4سیاسی راہنماﺅں کو توہین عدالت میں سزائیں

یوسف رضاگیلانی ‘نون لیگ کے نہال ہاشمی‘ دانیال عزیز اور طلال چوہدری توہین عدالت کے مرتکب قرارپائے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 3 اگست 2018 06:23

10سالوں میں وزیراعظم سمیت 4سیاسی راہنماﺅں کو توہین عدالت میں سزائیں
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔03 اگست۔2018ء) پچھلے 10سالوں کے دوران پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ کے دو جمہوری ادوار کے دوران چار سیاستدان توہین عدالت کے جرم میں نااہل ہوئے اور سزاکا سامنا کیا،ان سیاستدانوں میں سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی ‘نون لیگ کے نہال ہاشمی‘ دانیال عزیز اور طلال چوہدری شامل ہیں ‘پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی این آر او مقدمے میں عدالتی حکم پر عمل نہ کرنے پر توہین عدالت کے مرتکب قرار پائے۔

سپریم کورٹ کے 7 رکنی بینچ نے 26 اپریل 2012 کو یوسف رضا گیلانی کو آئین کے آرٹیکل 204 (2) کے تحت توہین عدالت کا مرتکب قرار دیا اور انہیں عدالت کی برخاستگی تک قید کی سزا سنائی۔عدالت سے سزا پانے کے بعد وہ ناصرف وزارت عظمیٰ کے منصب سے ہاتھ دھو بیٹھے بلکہ 5 سال کیلئے بھی نااہل ہوئے جس کی وجہ سے وہ 2013 کے انتخابات میں بھی حصہ نہ لے سکے۔

(جاری ہے)

سابق سینیٹر نہال ہاشمی کی ایک تقریر پر سپریم کورٹ نے از خود نوٹس لیا جس میں انہیں پاناما لیکس کیس میں تفتیش کرنے والی جے آئی ٹی اور سپریم کورٹ کو دھمکیاں دیتے سنا جاسکتا تھا۔

عدالتِ عظمیٰ نے سینیٹر نہال ہاشمی کو توہین عدالت کے جرم کا مرتکب پاتے ہوئے ایک ماہ قید اور 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی جس کے بعد وہ 5 سال کے لیے کسی بھی عوامی عہدہ سنبھالنے کے لیے نااہل بھی قرار پائے۔مسلم لیگ (ن) کے دانیال عزیز کے ٹی وی ٹاک شو کے دوران عدلیہ مخالف گفتگو کرنے پر چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے 2 فروری 2018 کو از خود نوٹس لیا۔13 مارچ کو دانیال عزیز پر توہین عدالت کی فرد جرم عائد کی گئی جس کے بعد 28 جون کو فیصلہ سناتے ہوئے انہیں توہین عدالت کا مرتکب قرار دیا گیا۔