آصف کرمانی نواز شریف کی آستین کا سانپ ،بے وفا، خود غرض، رشوت خور اور غیبت کرنیوالا شخص ہے، سردار ابرار ریاض

الیکشن مہم میں پارٹی فنڈ کے نام پر لاکھوں روپے وصول کئے،آج مسلم لیگ کو مشکل حالات میں آصف کرمانی نے ڈالا ہے،کوارڈنیٹر مسلم لیگ (ن) کرمانی فاروق حیدر، غلام قادر شاہ سمیت دیگر قیادت کو گھٹیا کمینہ اور کرپٹ کہتے ،شہباز شریف، مریم اورنگزیب، کیپٹن صفدر، عرفان صدیقی اور پرویز رشید کیخلاف بھی نازیبا الفاط استعمال کرتے تھے، وہ ورکرز اور لیڈرز کو نواز شریف سے دور رکھنا چاہتے تھے،میں پارٹی سے مخلص ،نواز شریف سے عشق کرتا ہوں، صدر مسلم لیگ (ن)کارکنان کا ہر طرح سے خیال رکھیں ، مجھے پارٹی کے اندر اور باہر سے کل سے سنگین نتائج کی دھمکیاں موصول ہورہی ہیں، پریس کانفرنس

جمعہ 3 اگست 2018 18:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی کوارڈنیٹر سردار ابرار ریاض نے (ن) لیگی سینیٹر آصف کرمانی پر سنگین نوعیت کے الزامات عائد کرتے ہوئے کہاہے کہ آصف کرمانی نواز شریف کی آستین کا سانپ ہے،وہ بے وفا، خود غرض، رشوت خور اور غیبت کرنے والا شخص ہے، الیکشن مہم میں پارٹی فنڈ کے نام پر لاکھوں روپے وصول کئے،آج مسلم لیگ کو مشکل حالات میں آصف کرمانی نے ڈالا ہے، سردار عتیق کو الیکشن ہروانے کیلئے ہم سے پیسے لئے اور اپنی قریبی خاتون کو کشمیر اسمبلی میں مخصوص نشست دلوائی،وہ فاروق حیدر، غلام قادر شاہ، طارق فاروق سمیت دیگر قیادت کو گھٹیا کمینہ اور کرپٹ کہتے ،شہباز شریف، مریم اورنگزیب، کیپٹن صفدر، عرفان صدیقی اور پرویز رشید کیخلاف بھی نازیبا الفاط استعمال کرتے تھے، کرمانی ورکرز اور لیڈرز کو نواز شریف سے دور رکھنا چاہتے تھے،میں پارٹی سے مخلص ،نواز شریف سے عشق کرتا ہوں، صدر مسلم لیگ (ن)کارکنان کا ہر طرح سے خیال رکھیں ، مجھے پارٹی کے اندر اور باہر سے کل سے سنگین نتائج کی دھمکیاں موصول ہورہی ہیں۔

(جاری ہے)

جمعہ کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی کوارڈنیٹر سردار ابرار ریاض نے کہا ہے کہ میں منفی سیاست پر یقین نہیں رکھتا لیکن آج دکھی دل کیساتھ بات کرنا چاہتا ہوں،الیکشن میں یہ تمام باتیں کرنا نہیں چاہتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میں آج اپنے قائد نواز شریف کے پارٹی میں غداروں کو بے نقاب کرنا چاہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میرے قائد محمد نواز شریف اپنی بیگم کلثوم نواز کو زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا چھوڑ کرآئے جبکہ ان کے سیاسی سیکرٹری آصف کرمانی ایسی صورتحال میں لندن چلے گئے ہیں،آصف کرمانی نواز شریف کی آستین کا سانپ ہے۔

انہوں نے کہا کہ آصف کرمانی ایک خاتون کیساتھ بیرون کیوں گئے ہیں ،آصف کرمانی کا اس خاتون کیساتھ پہلے بھی میڈیا پر چرچا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے سیاسی سیکرٹری اس وقت لندن میں بدنام زمانہ خاتون کیساتھ سالگرہ کی پارٹیاں کررہے ہیں۔سردار ابرار ریاض نے کہا کہ سینیٹر آصف کرمانی ایک بے وفا، خود غرض، رشوت خور اور غیبت کرنے والا شخص ہے، اس نے الیکشن مہم میں پارٹی فنڈ کے نام پر لاکھوں روپے وصول کئے ۔

انہوں نے کہا کہ سردار عتیق کو الیکشن ہروانے کیلئے آصف کرمانی نے ہم سے پیسے لئے اور اپنی قریبی خاتون کو کشمیر اسمبلی میں مخصوص نشست دلوائی ۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹر آصف کرمانی کشمیر اور پاکستان مسلم لیگ( ن) کے بارے میں نازیبا زبان استعمال کرتے تھے وہ راجہ فاروق حیدر، غلام قادر شاہ، طارق فاروق سمیت دیگر قیادت کو گھٹیا کمینہ اور کرپٹ کہتے تھے، وہ شہباز شریف، مریم اورنگزیب، کیپٹن صفدر، عرفان صدیقی اور پرویز رشید کیخلاف بھی نازیبا الفاط استعمال کرتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ کرمانی نواز شریف کے سامنے دوسروں کی غیبت کرتے تھے اور ورکرز اور لیڈرز کو نواز شریف سے دور رکھنا چاہتے تھے۔انہوں نے کہا کہ آج مسلم لیگ کو مشکل حالات میں آصف کرمانی نے ڈالا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کرمانی نے سکندر حیات کیخلاف بھی جھوٹے الزامات لگوائے،پنجاب ہائوس میں پروگرامز اور سی ڈبلیو سی کے اجلاسوں کیلئے ہم سے لاکھوں روپے فنڈ لیا گیا وہ مجھ سے ٹھیکے لانے کا کہتے تھے، وہ کہا کرتے تھے کہ بڑا ٹھیکہ لائو تاکہ مجھے بھی فائدہ ہو۔

سردار ابرار نے کہا کہ آصف کرمانی نے ایک بار کہا کہ نواز شریف سے پوچھتا ہوں کہ میں نے تمہارے لئے بہت کچھ کیا مشاہد حسین سید کو کیسے سینیٹر بنایا۔مشاہد حسین سید کو سینیٹر بنانے پر کرمانی نے نواز شریف کو پارٹی چھوڑنے کی دھمکی بھی دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ میرا دل خون کے آنسو رو رہا ہے،میں پارٹی سے مخلص ہوں،اگر مجھے کچھ ہوجاتا ہے تو کفن بھی مسلم لیگ (ن) کے جھنڈے کا لینا چاہوں گا۔

سردار ابرارنے کہا کہ میں نواز شریف سے عشق کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ نعمیہ میں نواز شریف پر جوتا جس شخص نے اچھالا اس کی بھی تحقیق کریں کہ وہ کس کی گاڑی میں جاکر بیٹھ گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میں لیگی قیادت اور کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور صدر مسلم لیگ (ن) سے مطالبہ کرتا ہوں کہ کارکنان کا ہر طرح سے خیال رکھا جائے اور کارکنان کی تذلیل کو روکا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے پارٹی کے اندر اور باہر سے کل سے سنگین نتائج کی دھمکیاں موصول ہورہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ آصف کرمانی کے رویئے سے پارٹی کو بہت نقصان پہنچا ہے جس کی تحقیقات ہونی چاہئیں ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن دھاندلی پر قیادت اگر احتجاج کی کال دے گی تو لبیک کریں گے۔