حکومت میں رہیں یا اپوزیشن میں بیٹھیں ،عوام کے مسائل حل اورتعمیروترقی کے فنڈز پہلے کی طرح لیکر آنا اولین ترجیح ہوگا ، ملک محمد افضل کھوکھر

جمعہ 3 اگست 2018 21:34

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 اگست2018ء) نومنتخب ایم این اے ملک محمد افضل کھوکھر نے الیکشن جیتنے کے بعد کھوکھر پیلس میں مبارکباددینے والے وفود سے ملاقاتوں کے سلسلہ کے بعد حلقہ بھر میں ڈور ٹو ڈور جاکر لوگوں کا شکریہ ادا کرنا شروع کردیا ہے ،گزشتہ روز انہوں نے رائے ونڈ کے مختلف وارڈوں میں جاکر اچانک کئی گھروں کا دورازہ کھٹکھٹا دیا اور اہل خانہ کا فرداً فرداًشکریہ ادا کیا ،اس موقع پر صدر یوتھ ونگ میاں محمد آصف شہزاد سوشل میڈیا ورکرز ،بلدیاتی نمائندگان اور کارکنوں کی کثیر تعداد ان کے ساتھ شامل ہوگئی ،جس کے بعد انہوں نے رائے ونڈ میں کافی حد تک یہ کام مکمل کیا جو کہ ابھی نئی حکومت بننے تک یہ سلسلہ پورے حلقہ تک پھیلا دیا جائے گا ،دریں اثناء میڈیا اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے افضل کھوکھر نے کہا کہ ان کی جیت میاں نوازشریف اور پاکستان کی جیت ہے ،انہوں نے کہا کہ سب کے علم میں ہے کہ ملک بھر میں دھاندلی ہوئی ہے مگر رائے ونڈ حلقہ کے کارکنان نے دھاندلی کا ہر جگہ پر مقابلہ کیا ہے ،انہوں نے کہا کہ ان کی جیت کے بعد یہ بات دوستوں دشمنوں سب پر واضح ہوگئی ہے کہ رائے ونڈ حلقہ مسلم لیگ(ن) کا قلعہ ہے ،جس میں سوراخ کیلئے کوئی گنجائش نہیں ،اس قلعہ کی کوئی اینٹ کمزور نہیں جہاں سے دشمن نقب لگا سکے ،انہوں نے کہا کہ عوام نے محبت اور کارکردگی کو ووٹ دیا ہے ،عوام کی محبت کا جواب محبت اور کارکردگی کو بڑھاکر دیں گے ،حکومت میں رہیں یا اپوزیشن میں بیٹھیں ،عوام کے مسائل حل کرنا اورتعمیروترقی کے فنڈز پہلے کی طرح لیکر آنا اولین ترجیح ہوگا ۔