Live Updates

پشاور،پختون قوم تاریخ کی بدترین دور سے گزر رہی ہے، آفتاب احمد شیرپائو

ناتجربہ کار اور غیر سنجیدہ حکمران مسلط کرناپختونوں کو دیوار سے لگانے کے مترادف ہے،چوری شدہ مینڈیٹ کو واپس دلانے کیلئے عملی طور پر کوششیں کریں،مرکزی چیئرمین قومی وطن پارٹی

جمعہ 3 اگست 2018 21:53

پشاور،پختون قوم تاریخ کی بدترین دور سے گزر رہی ہے، آفتاب احمد  شیرپائو
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 اگست2018ء) قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپائونے کہا ہے کہ پختون قوم تاریخ کی بدترین دور سے گزر رہی ہے اور ان پر ناتجربہ کار اور غیر سنجیدہ حکمران مسلط کرنا ان کو دیوار سے لگانے کے مترادف ہے۔انھوں نے کہا کہ حالیہ انتخابات سے پختون قوم کو جو توقعات وابستہ تھے اس پر دھاندلی کے تحت پانی پھیرا گیااور ان کو نہ صرف ووٹ کے حق بلکہ حقیقی لیڈرشپ سے بھی محروم رکھا گیا۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے یونین کونسل کونسل گنڈھیری ضلع چارسدہ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجتماع سے پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائو،ضلعی عہدیداروں اور ضلعی و تحصیل ناظمین نے بھی خطاب کیا۔آفتاب شیرپائو نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ انتخابات کے دھاندلی پر مبنی نتائج کسی صورت قابل قبول نہیں اور تمام سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ وہ پختونوں کے چوری شدہ مینڈیٹ کو واپس دلانے کیلئے عملی طور پر کوششیں کریں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی دیگر تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر پختونوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کے خلاف جدوجہد کیلئے تیار ہے ۔انھوں نے کہا کہ پختون قوم پر ملک کے 70سالہ تاریخ کا کھٹن ترین دور آپہنچا ہے اور اب پختون لیڈرشپ پر یہ بات لازم ہے کہ وہ مشکل کی اس گھڑی میں ان سے دو قدم آگے بڑھ کر اپنا کردار اداکرے ۔انھوں نے کہا کہ کراچی سے لے کر پشاور تک تمام سیاسی قوتوں کو حالیہ انتخابات کے نتائج پرشدیدتحفظات ہیں اور اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ یہ صحیح معنوں میں عوامی مینڈیٹ نہیں ہے اور نہ ہی یہ اصلی عوامی نمائندے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ منصوبہ بندی کے تحت پختونوں کے دلوں پر پائوں رکھا گیا اور ان پر پی ٹی آئی جیسی نااہل حکمرانوں کو مسلط کیا گیا۔انھوں نے کہا کہ عمران خان ایک متازعہ وزیر اعظم ہو گا کیونکہ اس کے پاس عوام کی بہتری کیلئے نہ تو کوئی جامع پلان ہے اور نہ ہی وہ سیاسی بصیرت کا مالک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پختون لیڈرشپ کوپارلیمان سے دور کرنے سے افغان ایشواور پختونوں کے حقوق بر ی طرح متاثر ہونگے اوراگر انکی رہنمائی کیلئے کوئی دانا اور دور اندیش قیادت موجود نہیں ہوگاتو ان کے حقوق کیلئے کوئی بات کرنے والا نہیں ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی پختونوں کی سیاسی حق کوپامال نہیں ہونے دیگی کیونکہ مشکل کی اس گھڑی میںپختون قوم کو حقیقی لیڈر شپ کی ضرورت ہے۔انہوں نے شدید مزمت کرتے ہوئے کہاکہ پختون لیڈ رشپ کو کنارے سے لگایا گیااور اب پارلیما ن میں انکانمائندہ نہیں ہوگا جو انکے حقوق کی بات کرسکیں ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات