پاکستان میں عید الضحیٰ 22 اگست کو ہونے کا امکان

ذی الحج کا چاند دیکھنے کیلئے مفتی منیب الرحمان کی صدارت میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 12 اگست کو کراچی میں ہوگا

muhammad ali محمد علی جمعہ 3 اگست 2018 22:33

پاکستان میں عید الضحیٰ 22 اگست کو ہونے کا امکان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 03 اگست 2018ء) پاکستان میں عید الضحیٰ 22 اگست کو ہونے کا امکان، ذی الحج کا چاند دیکھنے کیلئے مفتی منیب الرحمان کی صدارت میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 12 اگست کو کراچی میں ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں عید الضحیٰ کی ممکنہ تاریخ کے حوالے سے ماہرین فلکیات کی جانب سے اہم بیان جاری کیا گیا ہے۔

ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ پاکستان میں عید الضحیٰ 22 اگست بروز بدھ کو ہونے کا امکان ہے۔ پاکستان میں ذی الحج کا چاند 12 اگست کو نظر آ جانے کے واضح امکانات ہیں۔ 12 اگست کو ذی الحج کا چاند نظر آنے کی صورت میں پاکستان میں عید الضحیٰ 22 اگست بروز بدھ کو ہوگی۔ جبکہ ذی الحج کا چاند دیکھنے کیلئے مفتی منیب الرحمان کی صدارت میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 12 اگست کو کراچی میں ہوگا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب عید الضحیٰ کی آمد کے پیش نظر وفاقی حکومت نے 17 اگست کوتنخواہ اور پنشن کی ادائیگی کی ہدایات جاری کردیں۔ وفاقی حکومت نے حکم جاری کیا کہ عید سے قبل ہی متعلقہ محکمے اس حکم نامے پر عملدرآمد ہو یقینی بنائیں۔ یاد رہے کہ عید الاضحیٰ 22 اگست کو منائی جائے گی۔ جس کے پیش نظر وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کو قبل از وقت تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگیوں کا فیصلہ کیا ہے اور اس ضمن میں حکم نامہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

وفاقی حکومت کے اس اعلان پر سرکاری ملازمین میں بھی خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ یاد رہے کہ دو روز قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بھی بڑی عید پر اپنے ملازمین کو بڑی خوشی دینے کا اعلان کیا تھا۔ جس کے تحت بڑی عید پر الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ہر ملازم کو 35 ہزارروپے عیدی دی جائے گی۔ چیف الیکشن کمشنر نے بڑی عید پر ملازمین کی بڑی عیدی کے لیے رقم کا تخمینہ لگانے کی ہدایت کی تھی۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اپنے ملازمین کے لیے بڑی عیدی کا اعلان کیا تھا جس پر الیکشن کمیشن آف پاکستان کے تمام ملازمین میں خوشی کی ایک لہر دوڑ گئی اور ملازمین نے کہا کہ محکمے کی جانب سے اتنی بڑی عیدی نے عید کی خوشی دوبالا کر دی ۔ محکمے میں کام کرنے والے متوسط طبقے کے لوگ بڑی عید پر ان پیسوں سے قربانی کر سکیں گے اور اللہ کی راہ میں قربانی دے کر ثواب کما سکیں گے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان ملازمین کو عیدی دینے کی مد میں خرچ ہونے والی رقم کا تخمینہ لگائے گا جس کے بعد عیدی کے لیے دی جانے والی رقم کا حتمی تعین کیا جا سکے گا۔