جسے اللہ رکھے۔۔۔ڈھائی سال بچی 17 ویں منزل سے گرنے کے باوجود محفوظ رہی

Ameen Akbar امین اکبر جمعہ 3 اگست 2018 23:56

جسے اللہ رکھے۔۔۔ڈھائی  سال بچی 17 ویں منزل سے گرنے کے باوجود محفوظ رہی
چین سے صوبے جیانگسو کے شہر چانگزہو سے تعلق رکھنے والی ڈھائی سالہ بچی کو 17ویں منزل سے گرنے کے باوجود  چند معمولی خراشیں آئیں، جس کی وجہ سے اس بچی کو ”سپرگرل“  کا نام دیا گیا ہے۔11جون کو اس بچی کی دادی سودا سلف لینے باہر گئی تو بچی کو اکیلے ہی گھر پر چھوڑ گئیں جس کے بعد یہ حادثاتی طور پر نیچے گر گئی۔ بچی کی دادی نے بتایا کہ بچی سو رہی تھی، جس کی وجہ سے اس نے بچی کو جگانا مناسب نہیں سمجھا۔

دادی یہ سوچ کر دروازے کا تالا لگا کر چلی گئیں کہ وہ اپنی پوتی کے جاگنے سے پہلے واپس آ جائیں گی لیکن ان کی سوچ غلط ثابت ہوئی۔
جب بچی جاگی تو دادی کو گھر میں نہ پا کر انہیں تلاش کرنے لگی۔ بچی  نے پہلے باہر کا دروازہ دیکھا اس کے بعد کرسی پرچڑھی، کرسی سے کمپیوٹر ڈیسک پر چڑھی اور کھلی کھڑکی سے باہر دروازے میں اپنی دادی کو دیکھنے کی کوشش کی۔

(جاری ہے)

اس دوران بچی کا توازن بگڑ گیا اور وہ اپارٹمنٹ بلڈنگ کے ساتھ واقع چھوٹے سے باغیچے میں جا گری۔ اسی دوران بچی کی دادی بھی اپارٹمنٹ  کی سیڑھیوں تک پہنچ چکی تھیں۔
عینی شاہدوں نے اخباری رپورٹروں کو بتایا کہ بچی زمین پر گرنے کے فوراً بعد اپنے پیروں پر خود ہی کھڑی ہوئی اور روتے ہوئے بلڈنگ کے دروازے کی طرف بڑھنے لگی۔ اسی وقت بچی کی داری اپنے اپارٹمنٹ میں پہنچ کر بچی کو تلاش کرنے لگی، اس نے جب کھڑکی سے نیچے دیکھا تو فوراً ہی نیچے دوڑی آئیں، جہاں ہمسائے بچی کو پرسکون کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

بچی کی دادی نے بچی کے ماں باپ کو فون کیا، جو فوراً ہی گھر آئے اور اپنی بیٹی کو ہسپتال لے گئے۔ ہسپتال کے ڈاکٹر ساری بات سننے کے بعد حیران رہ گئے کیونکہ اتنی اونچائی سے گرنے کے باوجود بچی کو چند معمولی زخم ہی آئے تھے۔سی ٹی سکین، ایکسرے اور الٹرا ساؤنڈ سے پتا چلا کہ بچی کو اندرونی طور پر بھی ہلکے سے زخم آئے ہیں، جو جان لیوا نہیں۔ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ یہ لڑکی خوش قسمت بھی ہے اور ”لٹل سپر مین“ بھی ۔


خیال کیا جا رہا ہے کہ رہائشی بلڈنگ کے باہر موجود درختوں کی شاخوں نے بچی کے گرنے کی رفتار میں خاطر خواہ کمی کی اور بارش کے باعث گیلی ہونے والی زمین کی وجہ سے بچی کو زمین پر گرنے سے بھی چوٹیں نہیں آئیں لیکن اس کے باوجود 17 ویں منزل سے گر کر بچی کا زندہ بچ جانا ایک معجزہ ہی ہے۔

متعلقہ عنوان :