کرس گیل کی شاہد آفرید ی کوان کا ریکارڈ”محفوظ“رہنے کی یقین دہانی

ویسٹ انڈین اوپنر اگلے مقابلے میں تاریخ رقم کرسکتے ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 4 اگست 2018 13:33

کرس گیل کی شاہد آفرید ی کوان کا ریکارڈ”محفوظ“رہنے کی یقین دہانی
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔30جولائی 2018 ء) ویسٹ انڈیزکرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز کرس گیل بنگلادیش کے خلاف تیسرے اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں 5 چھکوں کی بارش کر کے انٹرنیشنل کرکٹ میں مشترکہ طور پر سب سے زیادہ چھکے لگانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ویسٹ انڈیزکے بیٹسمین کرس گیل نے 66گیندوں پر 73 رنز بنا کر پاکستان کے سپر سٹار کھلاڑی شاہد خان آفریدی کے برابر ریکارڈ قائم کرلیا ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ میں اب تک سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ آفریدی کے نام تھا جبکہ ویسٹ انڈیز کے کرس گیل ان کے برابر پہنچ گئے ہیں اور متوقع ہے کہ وہ مستقبل میں آفریدی کا یہ ریکارڈ توڑ بھی سکتے ہیں۔ شاہد آفریدی اور کرس گیل نے انٹرنیشنل کرکٹ میں 476 چھکے لگا کریہ ریکارڈ اپنے نام کیا ہے، ویسٹ انڈیزکے کرس گیل نے یہ ریکارڈ 443 میچز کھیل کر پورا کیا ہے جب کہ شاہد آفریدی 524 میچوں میں یہ ریکارڈ بنا پائے ہیں۔

(جاری ہے)

ویسٹ انڈیزنے بنگلادیش کےخلاف کھیلے جانے والے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں مقابلہ 1-2سے جیت لیا ہے۔پاکستان کے شاہد آفریدی کا ون ڈے انٹرنیشنل میں 351 ، ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں 73 اور ٹیسٹ میچز میں 52 چھکوں کا ریکارڈ ہے، دوسری جانب کرس گیل کا ون ڈے انٹرنیشنل میں275، ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں 103 اور 98 چھکے ٹیسٹ میچ میں لگانے کا ریکارڈ بنایا ہے۔ایک انٹر ویو کے دوران کرس گیل کا کہنا تھا کہ ” شاہد آفریدی کا 476چھکوں کا ریکارڈ برابر کرنا آسان نہیں تھا ، میرا خیال ہے کہ میں اس مزید چھکے نہیں ماروں گا ،ہم دونوں چھکے مارنے کی مشینیں سمجھے جاتے ہیں اور تماشائیوں کو لطف اندوز ہونے کاموقع فراہم کرتے ہیں ،آفریدی کے ساتھ اس ریکارڈ میں شراکت داری بہترین بات ہے لہذا میں آفریدی سے کہتا ہوں کہ ”بوم بوم“ فکر نہ کرو ،آپ کا ریکارڈ بالکل محفوظ ہے،اوکے“ ۔

نیوزی لینڈ کے سابق کپتان اور وکٹ کیپربلے باز برینڈن میکولم 474میچز میں 398چھکے لگا کر تیسرے، سابق سری لنکن کپتان سنتھ جے سوریا586میچز میں 352چھکے رسید کر کے چوتھے اور بھارتی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز اور سابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی 504 میچز کے دوران 342 چھکے لگا کر پانچویں نمبر پر ہیں۔