Live Updates

بنی گالہ کے باہر موجود صحافیوں کا گرمی اور پیاس سے بُرا حال

کپتان کی سادگی اور میانہ روی نے صحافیوں کو احتجاج پر مجبور کردیا، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 4 اگست 2018 13:39

بنی گالہ کے باہر موجود صحافیوں کا گرمی اور پیاس سے بُرا حال
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 04 اگست 2018ء) : پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ کے باہر موجود میڈیا نمائندگان نے سخت گرمی میں صاف پانی تک نہ ملنے پر احتجاجاً ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر دی ۔ اس ویڈیو میں ایک میڈیا نمائندے نے بتایا کہ سخت گرمی کے موسم میں بنی گالہ کے باہر سکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ ساتھ کچھ میڈیا نمائندگان بھی موجود ہیں ، سخت گرمی کی وجہ سے یہاں موجود سب لوگ پسینے سے شرابور ہیں اور پیاسے ہیں۔

لیکن ہماری مہمان نوازی کے لیے یہاں جس واٹر کُولر کا انتظام کیا گیا ہےاس میں گندا پانی آ رہا ہے جو ہرگز پینے کے قابل نہیں ہے۔ اس ویڈیو میں میڈیا نمائندے نے اسی واٹر کُولر سے بوتل میں بھرا پانی دکھایا اور کہا کہ کیا عمران خان اسی تبدیلی کی بات کرتے ہیں؟ اگر تبدیلی یہی ہے تو آفرین ہے ایسی تبدیلی پر ۔

(جاری ہے)

میڈیا نمائندے نے کہاکہ ہم عمران خان سے گذارش کرتے ہیں کہ کچھ اور نہ سہی لیکن ہمارے لیے کم از کم صاف پانی کا ہی انتظام کر دیں۔

اس ویڈیو کو سوشل میڈیا پر مقبولیت حاصل ہوئی تو ناقدین نے کپتان کو تنقید کا نشانہ بنانا شروع کر دیا ۔ ناقدین کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنی رہائش گاہ کے باہر موجود سکیورٹی اہلکاروں اور میڈیا نمائندگان کو پینے کے لیے صاف پانی تک فراہم نہیں کر سکے، ایسے میں عمران خان ملک میں کیا تبدیلی لائیں گے۔ میڈیا نمائندگان نے اُمید ظاہر کی ہے کہ اس ویڈیو کے ذریعے صحافیوں کا پیغام عمران خان تک پہنچے گا اور پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین اور متوقع وزیر اعظم عمران خان بنی گالہ کے باہر موجود سکیورٹی اہلکاروں اور میڈیا نمائندوں کے لیے کم از کم صاف پانی ہی کا انتظام کر دیں گے۔ سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی میڈیا نمائندے کی یہ ویڈیو آپ بھی ملاحظہ کیجئیے:
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات