فیس بک نے نوعمر صارفین کیلیے ڈیجیٹل لائبریری پیش کردی

سوشل میڈیا پر نوعمر بچوں اور نوجوانوں کیلئے مفت میں اسباق رکھے گئے ہیں

ہفتہ اگست 15:21

فیس بک نے نوعمر صارفین کیلیے ڈیجیٹل لائبریری پیش کردی
کیلیفورنیا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 اگست2018ء) فیس بک نے نوعمر صارفین کیلیے مفت ڈجیٹل لائبریری قائم کردی ہے جس میں انٹرنیٹ سیکیورٹی، انٹرنیٹ پرائیویسی اور فیس بک پر صحتمندانہ دوستی اور روابط پر اسباق اور ویڈیوز رکھی گئی ہیں۔پہلے مرحلے میں 18 اسباق انگریزی میں موجود ہیں جنہیں بہت جلد دنیا کی 45 مختلف زبانوں میں ترجمہ کیا جائے گا۔

اسے فیس بک کی ’یڈجیٹل لٹریسی لائبریری‘ کا نام دیا گیا ہے۔ لیکن حیرت انگیز طور پر اس میں جعلی خبروں اور افواہوں کے تدارک کیلیے کوئی رہنمائی شامل نہیں جس کے تحت فیس بک پر روسی پروپیگنڈا کرکے 2016 کے امریکی صدارتی انتخابات پر اثر ڈالا گیا تھا۔فیس بک اس نئی سہولت سے نوعمر صارفین کو انٹرنیٹ کا استعمال ذمے داری کے ساتھ سکھانا چاہتا ہے۔

(جاری ہے)

فیس بک نے کہا ہے کہ اس لائبریری کا مقصد دنیا بھر میں موجود 83 کروڑ نوعمر بچوں اور نوجوانوں کو ڈیجیٹل خواندگی، اس کے اصول اور حفاظتی اقدامات سے آگاہ کرنا ہے۔لائبریری کے اسباق میں سوشل میڈیا کی خوفناک عادت، آن لائن بدتمیزی، پرائیویسی اور آن لائن سیکیورٹی جیسے امور پر رہنمائی فراہم کی گئی ہے۔ فیس بک نے ہارورڈ یونیورسٹی میں واقع برکمان کلائن سینٹر کی ٹیم کی مدد سے یہ ڈیجیٹل لائبریری بنائی ہے۔ان اسباق کو مفت میں ڈاؤن لوڈ کرکے اسکولوں اور گھروں میں پڑھا جاسکتا ہے۔ فیس بک کے مطابق اس کی تیاری میں نوعمر لڑکے لڑکیوں سے مدد لی گئی ہے اور اسے پانچ زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے جن میں پرائیویسی، شناخت، مثبت برتاؤ، سیکیورٹی اور کمیونٹی سے وابستگی شامل ہے۔