Live Updates

کراچی کے بعد پشاور کے علاقے سے کچرے کے ڈھیر سے متعدد مہر لگے بیلٹ پیپرز برآمد

ہفتہ 4 اگست 2018 16:15

کراچی کے بعد پشاور کے علاقے سے کچرے کے ڈھیر سے متعدد مہر لگے بیلٹ پیپرز ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2018ء) پشاور کے علاقے اچینی میں کچرے کے ڈھیر سے 25 جولائی کے عام انتخابات میں مبینہ طور پر استعمال ہونے والے متعدد بیلٹ پیپرز برآمد ہوئے۔برآمد ہونے والے بیلٹ پیپرز میں سے اکثر پر مسلم لیگ (ن) کے انتخابی نشان شیر پر مہر لگی ہوئی ہے جس سے حالیہ انتخابات کی شفافیت پر شکوک و شبہات بڑھ گئے ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا اسمبلی کے حلقہ 70 سے (ن) لیگ کے امیدوار ظاہر خان نے پہلے دعویٰ کیا تھا کہ یہ ووٹ ان کے حق میں ڈالے گئے تھے تاہم انہوں نے اس حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو کی تصدیق نہیں کی جس میں کچرے سے برآمد ہونے والے بیلٹ پیپرز دکھائے گئے ہیں ،ْان بیلٹ پیپرز کے پیچھے دستخط ہیں نہ کوئی مہر جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ انتخابات والے دن پولنگ عملے نے انہیں جاری نہیں کیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پی کے 70 (پشاور 5) وہی حلقہ ہے جہاں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے بعد ریٹرننگ افسر نے عوامی نیشنل پارٹی کے خوش دل خان کو کامیاب قرار دے دیا تھا اور سابق صوبائی وزیر و پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ فرمان 187 ووٹوں کے فرق سے ہار گئے تھے۔گزشتہ روز کراچی کے علاقے گزری کے ایک سرکاری اسکول سے مبینہ طور پر انتخابات والے دن استعمال ہونے والے 150 سے زائد بیلٹ پیپرز برآمد ہوئے تھے جن پر پاکستان پیپلز پارٹی کے انتخابی نشان ’تیر‘ پر مہر لگی ہوئی تھی۔قبل ازیں کراچی کے علاقے قیوم آباد میں کچرا کنڈی سے بھی کئی بیلٹ پیپرز برآمد ہوئے تھے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات