پولیس کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازول قربانیاں ہیں،آرپی اودارعلی خٹک

ہفتہ 4 اگست 2018 19:11

ڈی آئی خان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2018ء) ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ اسماعیل خان دار علی خٹک نے کہا ہے کہ ریاست اور اس کے اداروں کے خلاف جہاد نہیں فساد ہے ، امر بالمعروف اور نہی عن المنکر (نیکیوں کا حکم دینا اور برائیوں سے روکنا )کے ذریعے اسلام کی غلط تشریح پیش کی جارہی ہے ،اسلام کے نام پر لوگون کو گمراہ کیا جارہا ہے ، جہاد انفرادی عمل ہرگز نہیں یہ صرف ریاست کی ذمہ داری ہے، ملک کے تمام جید علماء کو متفقہ فیصلہ ہے کہ ریاست اور اس کے اداروں سمیت کسی بھی معصوم اور بے گناہ شخص پر خودکش حملہ کرنا یاا سے قتل کرنا بالکل حرام ہے ،فرقہ واریت کی آگ پھیلانے والے ہر گز مسلمان نہیں ہے۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے ہفتہ کو یوم شہداء پولیس کی مناسبت سے ڈیرہ اسماعیل خان کے ضلعی اسمبلی ہال میں منعقدہ سیمینار سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کے دوران کیا ۔

(جاری ہے)

سیمینارمیں کمشنر ڈیرہ جاویدخان مروت ،وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹرمحمدسرور چوہدری ،ڈی پی او ظہوربابرآفریدی ،ایس پی صدرحسن افضل سمیت پولیس افسران ،سول سوسائٹی ،میڈیا،مختلف مکاتب فکر کے علماء اورڈی آرسی کے ممبران کے علاوہ شہداء پولیس کے لواحقین نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

دارعلی خٹک نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف پولیس اور فوج کا کام نہیں بلکہ تمام سول سوسائٹی کی بھی اتنی ہی ذمہ دراری ہے ، یہ دہشت گرد کہیں باہر کے نہیں بلکہ یہ ہماری سوسائٹی کے اندر ہی موجود ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازول قربانیاں ہیں، صوبے بھر میں 16سوسے زائد جبکہ ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں 174 پولیس افسران شہید ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی ترقی اورامن وسلامتی کیلئے ہم سب اپنا حصہ ڈالیں ۔ قبل ازیں دارعلی خٹک اورڈی پی او ظہوربابرآفریدی نے پولیس لائن میں یادگارشہداء پر پھول چڑھائے اورسلامی پیش کی جبکہ پولیس افسران نے مختلف قبرستانوں میںشہداء کی قبروں پر پھول چڑھائے۔