کراچی، ممنوعہ مہینوں میں مچھلی کے شکار پر پابندی برقرار

سمندرمیں بیجا اورپابندی کے دنوں میں بھی مچھلی کے شکارنے مچھلیوں کی افزائش کے لیے خطرہ پیدا کردیا ہے،ناصر خان بونیری

ہفتہ 4 اگست 2018 19:31

کراچی، ممنوعہ مہینوں میں مچھلی کے شکار پر پابندی برقرار
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2018ء) ممنوعہ مہینوں میں مچھلی کے شکار پر گزشتہ برس لگائی جانے والی پابندی تاحال برقرار ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کی کشتیاں پکڑنے سمیت لائسنس بھی منسوخ کیے جارہے ہیں۔اس ضمن میںمحکمہ فشریز کے سیکیورٹی اینڈ جیٹی انچارج ناصرخان بونیری نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پابندی کی تصدیق کی۔ انہوں نے بتایاکہ سمندرمیں بیجا اورپابندی کے دنوں میں بھی مچھلی کے شکارنے مچھلیوں کی افزائش کے لیے خطرہ پیدا کردیا ہے لہذا خلاف ورزی کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

دو دہائیوں سے مچھلی کے شکار سے وابستہ نذیر احمد نے اپنے مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ شکار کے سیزن میں لانچ پر اٹھنے والے اخراجات تو پورے ہو جاتے ہیں لیکن پابندی کے مہینوں میں گھروں میں فاقوں کی نوبت آجاتی ہے۔

(جاری ہے)

مزدوروں نے بتایاکہ مچھلی کے شکار پر طویل پابندی کے باعث سینکڑوں مزدور بے روزگار ہوگئے ہیں کیوں کہ لانچ چلتی ہے تو ان کے گھروں کے چولہے بھی جلتے ہیں۔

وفاقی حکومت نے سمندری حدود میں ممنوعہ جال کے استعمال اور مخصوص عرصہ میں بے دریغ شکارکو دیکھتے ہوئے گزشتہ سال شکار پر پابندی عائد کردی تھی۔محکمہ فشریز کے مطابق سمندر اور میٹھے پانی میں مچھلی، جھینگے اور دیگر حیات کی افزائش کا موسم ہونے کی وجہ سے جون اور جولائی میں پابندی عائد کی جاتی ہے۔سندھ فشریز آرڈیننس 1980 اور2016 کے تحت پابندی کی خلاف ورزی کی صورت میں ایک سال سزا اور50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔