ملک کے بالائی علاقوں میں کل سے بدھ کے دوران بارش کی پیشنگوئی

ہفتہ 4 اگست 2018 21:14

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2018ء) محکمہ موسمیات نے (کل)پیر سے بدھ کے دوران بالائی خیبرپختونخوا (مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ ڈویژن)، پنجاب (راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، بہاولپور، ساہیوال ڈویژن)، مشرقی سندھ (میرپورخاص، ٹھٹھہ ڈویژن)، شمال مشرقی بلوچستان (ژوب، قلات ڈویڑن)، اسلام آباد اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ زیریں خیبرپختونخوا (بنوں، ڈی آئی خان ڈویژن)، وسطی/جنوبی پنجاب (فیصل آباد، ڈی جی خان، ملتان ڈویژن)،بالائی/وسطی سندھ (حیدرآباد، شہید بینظیرآباد، سکھر، لاڑکانہ ڈویژن) اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیزہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشنگوئی کی ہے۔

اس دوران مالاکنڈ، ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کی جاری رپورٹ کے مطابق ہفتہ(رات) ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور شدید مرطوب رہیگا۔تاہم راولپنڈی ڈویژن،اسلام آباد، کشمیر اور اس سے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر تیزہواوں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔

(آج )اتوار کوملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور شدید مرطوب رہیگا۔تاہم راولپنڈی،گوجرانوالہ، لاہور، ہزارہ ڈویژن،اسلام آباد اور کشمیر میں چند مقامات پر تیزہواوں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور شدیدمرطوب رہا۔تاہم اسلام آباد (زیرو پوائینٹ) پر 04 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ ہفتہ کوریکارڈ کیے گئے گرم ترین مقامات کے درجہ حرارت: دالبندین، چلاس 45 اور نوکنڈی میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا۔