Live Updates

فضل الرحمن 10باربھی الیکشن لڑیں،ہاریں گے، فواد چودھری

مولانا فضل الرحمن ایک کلوگوشت کیلئے پوری بھینس ذبح کرنا چاہتے ہیں، حکومت سازی کا عمل آئندہ 2 ہفتوں میں مکمل ہوجائےگا، منی لانڈرنگ پرسخت پالیسی بنائیں گے۔میڈیا سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 4 اگست 2018 19:38

فضل الرحمن 10باربھی الیکشن لڑیں،ہاریں گے، فواد چودھری
اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔04 اگست 2018ء) : تحریک انصاف کے ترجمان فواد چودھری نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن 10بار بھی الیکشن لڑیں ہاریں گے، مولانا فضل الرحمن ایک کلوگوشت کیلئے پوری بھینس ذبح کرنا چاہتے ہیں، حکومت سازی کا عمل آئندہ 2 ہفتوں میں مکمل ہوجائے گا،منی لانڈرنگ پرسخت پالیسی بنائیں گے۔ انہوں نے آج یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی میں 8آزاد ارکان پی ٹی آئی میں شامل ہوچکے ہیں۔

ہمارے پاس قومی اسمبلی میں 177امیدوار ہوگئے ہیں۔ پنجاب اسمبلی میں 186 ارکان ہمارے ساتھ ہیں۔ حکومت سازی کا عمل آئندہ 2 ہفتوں میں مکمل ہوجائے گا۔ الیکشن کمیشن7 اگست کو سرکاری نتائج جاری کررہا ہے۔الیکشن کمیشن اس کے بعد مخصوص نشستوں پر کامیاب امیدواروں کا اعلان کرے گا۔

(جاری ہے)

11اگست تک ایوان مکمل ہوں گے۔ وفاقی کابینہ کو11 اگست کےبعد ہی حتمی شکل دی جاسکے گی۔

فواد چودھری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن 10بار بھی الیکشن لڑیں ہاریں گے۔ مولانا فضل الرحمن ایک کلوگوشت کیلئے پوری بھینس ذبح کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کےساتھ عمران خان کی ذاتی لڑائی نہیں ہے۔ ایون فیلڈ کا پیسا پاکستانی عوام کا ہے۔ بیرون ملک سے پیسا واپس لانا حکومت کا فرض ہے۔ منی لانڈرنگ پرسخت پالیسی بنائیں گے اور دنیا ہمارے ساتھ تعاون کرے گی۔

سفیروں سے کہا ہے کہ بیرون ممالک سے پیسا واپس لانا ہے۔ ہماری مدد کریں۔ پیسا واپس لانا ملک کے مفاد میں ہے۔ برطانوی ہائی کمشنر سے کہا کہ برطانیہ لوٹی گئی رقم واپس لانے میں مدد کرے۔ یورپی یونین اورخلیجی ممالک نےبھی رقوم کی واپسی میں مددکی یقین دہانی کرائی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پھولوں کی سیج نہیں بلکہ کانٹوں کا بستر ہے۔ اللہ کی مدد سے عوام کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔ فواد چودھری نے کہا کہ عمران خان محل میں رہیں گے اور نہ پروٹوکول لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پڑوسی ممالک سے تعلقات نوازشریف کی طرح ذاتی نہیں ہوں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات