Live Updates

عمران خان کا اپنی تقریب حلف برداری میں شیروانی زیب تن نہ کرنے کا فیصلہ

تحریک اںصاف کے سربراہ ممکنہ طور پر 14 اگست کو شلوار قمیض زیب تن کرکے وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھائیں گے

muhammad ali محمد علی ہفتہ 4 اگست 2018 20:03

عمران خان کا اپنی تقریب حلف برداری میں شیروانی زیب تن نہ کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 اگست2018ء) عمران خان کا اپنی تقریب حلف برداری میں شیروانی زیب تن نہ کرنے کا فیصلہ، تحریک اںصاف کے سربراہ ممکنہ طور پر 14 اگست کو شلوار قمیض زیب تن کرکے وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق تحریک اںصاف نے پاکستان میں 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں تاریخی کامیابی حاصل کی۔ تحریک اںصاف نے ملک بھر سے کل 116 نشستوں پر فتح حاصل کی اور حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئے۔

جبکہ تحریک اںصاف نے انتخابات کے سرکاری نتائج کے آنے کے بعد سے جوڑ توڑ کے ذریعے حکومت بنانے کیلئے مطلوبہ نمبرز بھی حاصل کر لیے ہیں۔ تحریک اںصاف آزاد امیدواروں، مسلم لیگ ق، بی اے پی، ایم کیو ایم اور دیگر کیساتھ مل کر وفاق میں حکومت قائم کرے گی۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے نگران حکومت نے بتایا ہے کہ نومنتخب اراکین اسمبلی کے حلف کیلئے قومی اسمبلی کا اجلاس 11 یا 12 اگست کو طلب کیا جائے گا۔

نگران حکومت کے مطابق نومنتخب اراکین اسمبلی 11 یا 12 اگست کے اجلاس میں حلف اٹھا لیں گے۔ جبکہ اسی روز قومی اسمبلی کے اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر اور وزیراعظم کا انتخاب بھی کر لیا جائے گا۔ نگران حکومت کا مزید بتانا ہے کہ ممکنہ طور پر قومی اسمبلی کے اجلاس والے روز ہی وزیراعظم ایوان صدر جا کر وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھا لیں گے، یا حلف برداری کی تقریب 14 اگست کو ہوگی۔

اس حوالے سے ممکنہ وزیراعظم عمران خان سے متعلق تحریک انصاف کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم کی حلف برداری کی تقریب سادگی کیساتھ منعقد کی جائے گی۔ جبکہ عمران خان مہنگی شیروانی کی بجائے شلوار قمیض کا لباس زیب تن کرکے وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھائیں گے۔ جبکہ عمران خان ممکنہ طور شلوار قمیض کے لباس میں ہی قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات