لاہور، ملک میں کرپشن، لوٹ مار اور مفادات کی سیاست کرنے والے اللہ کی پکڑ میں ہیں،پروفیسر حافظ محمد سعید

قوم کو دھوکہ دینے والے بہت ہیں ہم نے سیاست کا رخ بدلنا ہے،سیاسی پارٹیوں کا الیکشن ختم ہو گیا ہمارا جاری ہے، محدود وسائل کے باوجود پورے ملک میں خدمت انسانیت کا عمل جاری رکھیں گے ،امیر جماعةالدعوة

ہفتہ 4 اگست 2018 21:31

لاہور، ملک میں کرپشن، لوٹ مار اور مفادات کی سیاست کرنے والے اللہ کی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 اگست2018ء) امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے ملی مسلم لیگ کے امیدواران اور کنوینر ز کے بڑے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں کرپشن، لوٹ مار اور مفادات کی سیاست کرنے والے اللہ کی پکڑ میں ہیں۔ قوم کو دھوکہ دینے والے بہت ہیں ہم نے سیاست کا رخ بدلنا ہے۔ سیاسی پارٹیوں کا الیکشن ختم ہو گیا ہمارا جاری ہے۔

محدود وسائل کے باوجود پورے ملک میں خدمت انسانیت کا عمل جاری رکھیں گے۔فرقہ واریت ختم کر کے قوم کو نظریہ پاکستان کی بنیادوں پر متحد و منظم کریں گے۔سیاسی جماعتیں نظریہ پاکستان کو پس پشت ڈال چکی ہیں۔ ہم نے اپنی منزلوں کا تعین مفادات کیلئے نہیں کرنا‘ قربانی والے ذہن بنانے ہیں۔ نوجوان اس ملک کا بہت بڑا اثاثہ ہیں۔

(جاری ہے)

مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کے ذریعہ ان کا مستقبل محفوظ کریں گے۔

بلدیاتی الیکشن بھرپور انداز میں لڑیں گے۔ مرکز القادسیہ چوبرجی میں ہونے والے کنونشن سے پروفیسر حافظ عبدالرحمان مکی،ڈاکٹر میاں احسان باری،سیف اللہ خالد،پروفیسر ظفر اقبال،مولانا امیر حمزہ،انجینئر نوید قمر، فیاض احمد، حافظ طلحہ سعید،حافظ خالد ولید، انجینئر حارث ڈار،سردار عمیر انور، چوہدری یونس مہر،ذبیح اللہ بلگن،حسین علی درانی، حاجی جہانگیر ماجر اسمیت دیگر نے خطاب کیا۔

کنونشن میں پنجاب اور خیبر پختونخواہ سے اللہ اکبر تحریک کے پلیٹ فارم سے انتخابات میں حصہ لینے والے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے امیدواران اور ملی مسلم لیگ کے کنوینرحضرات نے شرکت کی۔ اس دوران ملی مسلم لیگ سے رشتہ کیا لاالہ الااللہ اور حافظ محمد سعید قدم بڑھائو ہم تمہارے ساتھ ہیں‘ کے زور دار نعرے لگائے جاتے رہے۔ سرگودھا میں چائے کا ہوٹل چلانے والے اور1122کے نام سے معروف ملی مسلم لیگ کے حمایت یافتہ امیدوار شبیر حسین چھبا خاص طور پر شریک ہوئے اور توجہ کا مرکز بنے رہے۔

جماعةالدعوة کے سربراہ حافظ محمد سعید نے اپنے خطاب میں کہاکہ تمام امیدواران نے نظریہ پاکستان کے تحفظ کے مشن میں اپنے آپ کو شامل کر کے ہمارے دل جیت لئے ہیں۔میں اس کو بہت بڑی کامیابی سمجھتا ہوں۔پاکستان اللہ کی بہت بڑی نعمت ہے۔ اس کا شکر ادا کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ اسے مدینے والا پاکستان بنادیں۔جس طرح نبی کریم ﷺ نے مدینہ کو ایک ریاست بنایا تھا اسی طرح پاکستان کو بھی مدینے کی طرز پر ریاست بنائیں گے۔

اس وقت سیاستدان اپنے زخم دکھا رہے ہیں لیکن یہ کبھی نہیں بتایا کہ اس ملک کو کتنے صدمے دیئے۔ان کی منزل اسلام آباد ہے۔ہم نے اپنی منزلوں کا تعین مفادات کے لئے نہیں کرنا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بہت بڑی تحریک کھڑی ہو گئی اس کی ضرورت تھی۔اپنے رب سے عہد کریں کہ پاکستان کو اللہ کی نعمت سمجھ کر شکر ادا کرتے ہوئے مدینے والا پاکستان بنانے کے لئے دن رات محنت کریں گے اور اپنی صلاحیتیں،جوانیاں قربان کر یں گے۔

انہوں نے کہا کہ ستر کے الیکشن کے بعد مشرقی پاکستان الگ ہوا تھا۔اس وقت پاکستان سے غداری کرنے والے رب کی پکڑمیں آئے اور انجام کو پہنچے۔اس ملک کو توڑنے والوں کو میرے رب نے توڑ کر رکھ دیا۔انہوں نے کہا کہ جس نے اس ملک میں کرپشن اورلوٹ مار کی رب نے اس کو بھی پکڑا۔ہم نے وہی نعرہ بلند کیا ہے جو قیام پاکستان کے وقت کیا گیا تھا۔ لوگوں کا الیکشن ختم ہو گیا‘ ہمارا جاری ہے اور ہم نے اسے جاری رکھنا ہے۔

لالچ ختم کر کے قربانی کا ذہن بنائیں اللہ تعالیٰ حالات بدل دے گا۔مفادات کی سیاست ختم کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سے بہتر لوگ پوری دنیا میں نہیں مگر ان کو لوٹنے والے ،دھوکہ دینے والے بہت تھے۔ہم نے سیاست کا رخ بدلنا ہے۔ہم نے آج سے ہی کام شروع کرنا ہے۔کم وسائل کے ساتھ بھی خدمت کا کام کریں گے۔لوگ جیتنے کے بعد کام کرتے ہیں ہم آج سے کریں گے۔

لاالہ الااللہ محمد رسول اللہ کا نعرہ صرف الیکشن مہم میں نہیں بلکہ اسی پر کام کریں گے اس سے فرقہ واریت ختم ہو گی۔جب لاالہ الااللہ آتا ہے تو زمین آسمان ایک ہو جاتے ہیں،آسمان سے رحمت برستی ہے اور زمین پر تبدیلی آتی ہے۔سیاست نہیں ایک مشن آپ شروع کر چکے ہیں۔دفاع پاکستان کونسل اور جماعةالدعوة کے مرکزی رہنما پروفیسر حافظ عبدالرحمان مکی نے کہا کہ سیاسی جماعتیں نظریہ پاکستان کو پس پشت ڈال چکی ہیں۔

ہمیں کلمہ طیبہ کے نام پر حاصل کئے گئے ملک میں نظریہ پاکستان کو پروان چڑھانا ہو گا۔عوام نے ملی مسلم لیگ کے امیدواروں کو قبول کیا۔انہوں نے کہا کہ خدمت کی سیاست کو جاری رکھیں گے۔پورے ملک میں نظریہ پاکستان کی گونج ملی مسلم لیگ کی کامیابی ہے۔اللہ اکبر تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر میاں احسان باری نے کہا کہ الیکشن میں آناہماری یہ پہلی کوشش تھی۔

ہم نظریہ پاکستان کو اجاگر کرنے میں پورے پاکستان میں کامیاب ہوئے ہیں ۔ہمارے خلاف ہر جگہ پر کانٹے بچھائے گئے ،بیرونی ایجنڈے کو بروئے کار لانے کے لئے ہمارے خلاف اقدامات کئے گئے لیکن ہم میدان میں ڈٹے رہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا سیاسی میدان میں آنا پاکستان کی ترقی و خوشحالی کی نوید ہے ۔وہ وقت قریب ہے جب پاکستان سے موروثی سیاست کا خاتمہ اور قومی سیاست کا بول بالا ہو گا۔

ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد نے کہا کہ ملی مسلم لیگ واحد جماعت ہے جس نے الیکشن کا معرکہ سر کرنے کے بعد اپنے تمام امیدواروں کو ایک چھت تلے جمع کیا۔یہ حقیقت ہے کہ قیام پاکستان کے بعد پہلا موقع تھا جب پاکستان کے طول و عرض میں وہ نعرہ گونجا ہے جو پاکستان کے قیام کی بنیاد بنا تھا۔لاالہ الااللہ کی گونج کسی بھی الیکشن میں پہلی باراس طرح پورے ملک میں گونجی ہے۔

سیاسی جماعتوں کے اپنے اپنے نعرے ہوتے ہیں ۔ہمارا پہلا مرحلہ تھا جوہم نے کامیابی سے طے کیا۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کی تیاری کی جائے،بھر پور طریقے سے بلدیاتی الیکشن لڑیں گے۔جماعة الدعوة کے مرکزی رہنما پروفیسر ظفر اقبال نے کہا کہ پاکستان کلمہ طیبہ کی بنیاد پر حاصل کیا گیا ۔ہم نے اس کا تحفظ کرنا اور فرقہ واریت ختم کر کے پاکستان کی سیاست کو صاف اور شفاف طریقے سے ہر گھر تک پہنچانا ہے۔

تحریک حرمت رسول ﷺ کے کنوینر مولانا امیر حمزہ نے کہا کہ حافظ محمد سعید کا نام ایک نظریہ ہے،فرقہ واریت ان کا نام آنے سے دم توڑ دیتی ہے اوراتحاد امت نمایاں ہو کر سامنے آ جاتا ہے۔الیکشن میں ہونے والی غلطیوں کا جائزہ لے کر آگے بڑھیں گے۔ملی مسلم لیگ یوتھ ونگ کے صدر انجینئر نوید قمر ،شیخ فیاض احمد،حافظ طلحہ سعید،حافظ خالد ولید، انجینئر حارث ڈار،سردار عمیر انور، چوہدری یونس مہر،ذبیح اللہ بلگن،حسین علی درانی، حاجی جہانگیر ماجرا، ڈاکٹر ظفر اقبال چیمہودیگرنے کہا کہہم نوجوانوں کو ایسی سرگرمیاں دیں گے جس سے ان کی اپنی شخصیت میں نکھار پیدا ہوگا ۔

یہ نوجوان پاکستان کا سب سے بڑا اثاثہ ہیں۔ہم نوجوانوں کو ایسا پلیٹ فارم مہیا کریں گے جہاں سے نظریہ پاکستان کا مثبت پیغام دنیا تک پہنچائیں گے۔