Live Updates

عمران خان کا اپنی تقریب حلف برداری میں 92 ورلڈکپ فاتح ٹیم کو مدعو کرنے کا فیصلہ

تحریک اںصاف کے سربراہ ایوان صدر میں وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھائیں گے، تقریب میں خصوصی مہمانوں کے طور پر صرف 92 ورلڈکپ فاتح ٹیم کو مدعو کیا جائے گا: فیصل جاوید خان

muhammad ali محمد علی ہفتہ 4 اگست 2018 21:33

عمران خان کا اپنی تقریب حلف برداری میں 92 ورلڈکپ فاتح ٹیم کو مدعو کرنے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 اگست2018ء) عمران خان کا اپنی تقریب حلف برداری میں 92 ورلڈکپ فاتح ٹیم کو مدعو کرنے کا فیصلہ، فیصل جاوید خان کا بتانا ہے کہ تحریک اںصاف کے سربراہ ایوان صدر میں وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھائیں گے، تقریب میں خصوصی مہمانوں کے طور پر صرف 92 ورلڈکپ فاتح ٹیم کو مدعو کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق تحریک اںصاف نے پاکستان میں 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں تاریخی کامیابی حاصل کی۔

تحریک اںصاف نے ملک بھر سے کل 116 نشستوں پر فتح حاصل کی اور حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئے۔ جبکہ تحریک اںصاف نے انتخابات کے سرکاری نتائج کے آنے کے بعد سے جوڑ توڑ کے ذریعے حکومت بنانے کیلئے مطلوبہ نمبرز بھی حاصل کر لیے ہیں۔ تحریک اںصاف آزاد امیدواروں، مسلم لیگ ق، بی اے پی، ایم کیو ایم اور دیگر کیساتھ مل کر وفاق میں حکومت قائم کرے گی۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے نگران حکومت نے بتایا ہے کہ نومنتخب اراکین اسمبلی کے حلف کیلئے قومی اسمبلی کا اجلاس 11 یا 12 اگست کو طلب کیا جائے گا۔ نگران حکومت کے مطابق نومنتخب اراکین اسمبلی 11 یا 12 اگست کے اجلاس میں حلف اٹھا لیں گے۔ جبکہ اسی روز قومی اسمبلی کے اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر اور وزیراعظم کا انتخاب بھی کر لیا جائے گا۔ نگران حکومت کا مزید بتانا ہے کہ ممکنہ طور پر قومی اسمبلی کے اجلاس والے روز ہی وزیراعظم ایوان صدر جا کر وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھا لیں گے، یا حلف برداری کی تقریب 14 اگست کو ہوگی۔

اس حوالے سے ممکنہ وزیراعظم عمران خان سے متعلق تحریک انصاف کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم کی حلف برداری کی تقریب سادگی کیساتھ منعقد کی جائے گی۔ جبکہ عمران خان نے تقریب میں شرکت کیلئے کسی غیر ملکی شخصیت کو مدعو نہیں کیا۔ اس حوالے سے تحریک اںصاف کے سینیٹر فیصل جاوید خان نے مزید بتایا ہے کہ عمران خان کی تقریب حلف برداری میں کسی غیر ملکی کو مدعو نہیں کیا جائے گا، تاہم تحریک انصاف کے سربراہ خواہش مند ہیں کہ تقریب حلف برداری میں 92 ورلڈکپ فاتح ٹیم کو مدعو کیا جائے۔ عمران خان اپنی تقریب حلف برداری میں کرکٹ کے پرانے ساتھیوں کو ساتھ دیکھنا چاہتے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات