وینزویلا کے صدر نکولس میڈورو پر ڈرون کے ذریعے قاتلانہ حملہ ناکام،سات زخمی

حملے کی تحقیقات شروع ،بعض ملزمان کو گرفتار،واقعے میں امریکی ملوث،امید ہے ٹرمپ تعاون کریں گے،صدروینزویلا

اتوار 5 اگست 2018 12:30

وینزویلا کے صدر نکولس میڈورو پر ڈرون کے ذریعے قاتلانہ حملہ ناکام،سات ..
کراکس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2018ء) فوجی تقریب سے خطاب کے وران وینزویلاکے صدرنکولس میدورو ڈرون حملے میں بال بال بچ گئے، حملے میں نیشنل گارڈ کی7 اہلکار زخمی ہو گئے ۔حملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور بعض ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وزیر اطلاعات نے کہاکہ دھماکہ خیز مواد سے بھرے کئی ڈرون صدر کے خطاب کے دوران دھماکے سے پھٹے۔

مقامی میڈیا کے مطابق صدر نکولس میدورو نے حملے کے بعد ٹی وی پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک اڑتی ہوئی چیز میرے سامنے پھٹ گئی جس کا شروع میں انہوں نے سوچا کہ شاید تقریب میں کوئی خرابی ہو گئی ہے مگر پھر دوسرا دھماکا ہو گیا۔انہوں نے کہا کہ خدا، وینزویلا کے عوام اور فوج میری حفاظت کرے گی جبکہ حکومت کے خلاف پر تشدد کارروائیاں مسلسل ناکام ہوتی رہیں گی۔

(جاری ہے)

صدرنکولس میدوروکا کہنا تھا کہ حملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور بعض ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ مجھ پر قاتلانہ حملہ دائیں بازو کی سازش ہے اور ابتدائی تحقیقات میں اس کے ڈانڈے کو لمبیا سے ملتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ امریکا اور کولمبیا وینزویلا میں شرپسندی کی کوشش کررہے ہیں، ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ حملے کی مالی معاونت کرنے والے اور کئی منصوبہ ساز فلوریڈا میں رہتے ہیں ،انہوں نے امید ظاہر کی کہ ٹرمپ انتظامیہ اس کیس میں معاونت کرے گی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈرون میں سی فور دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا، تاہم دھماکہ خیز مواد سے بھرے کئی ڈرون ہدف پر پہنچنے میں ناکام رہے اور قریبی علاقوں میں گرے۔