ریٹائرڈ جج شاہد محمود کا کینسر میں مبتلا بیٹا امداد کا منتظر

کینسر کے مرض میں مبتلا سلمان چائنا میں علاج کے لیے 2 لاکھ 50ہزار ڈالر کا منتظر

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان اتوار 5 اگست 2018 17:00

ریٹائرڈ جج شاہد محمود کا کینسر میں مبتلا بیٹا  امداد کا منتظر
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔05 اگست 2018ء) ریٹائرڈ جج شاہد محمود کے بیٹے کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا ہیں۔شاہد محمود کا اردو پوائنٹ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جب مجھے پتہ چلا کہ میرے بیٹے سلمان کو کینسر ہے تو میں سب سے پہلے اس کو لے کر شوکت خانم گیا ۔لیکن انہوں نے کہا کہ آپ کے بیٹے کی عمر 8 سال سے زیادہ ہے۔اور اسے داخل کرنے سے انکار کر دیا۔

یہ وقت میرے لیے بہت مشکل تھا پھر میں اس کو لے کر ایک انمول کینسر اسپتال میں گیا۔اس اسپتال میں میرے بیٹے کا علاج شروع ہوا اور تین کیمیو سیشن کرنے کے بعد جو بون میرو رپورٹ آئی اس میں میرے بیٹے کو صحت یاب قرار دے دیا گیا تھا۔15 ماہ تک بیٹے کو معمول کی دوائیاں دیتے رہے لیکن بد قسمتی سے میرے بیٹے کو دوبارہ اس موذی مرض نے گھیر لیا۔

(جاری ہے)

جس کے بعد ہمیں انمول کینسر اپستال کے ڈاکٹر نے بتایا کہ اب آپ کے پاس ایک ہی حل ہے کہ آپ کو بون میرو ٹرانسپلاٹ کروانا ہو گا۔

پاکستان میں یہ دو جگہ ہو سکتا تھا۔سی ایم ایچ راولپنڈی میں سلمان کا علاج اس لیے نہیں ہو سکا کیونکہ اس کے ٹشوز اپنے بھائیوں سے میچ نہیں کیے،اس کے بعد میں اسے آغا خان اسپتال لے گیا جہاں سلمان کا علاج 2 سال تک جاری رہا۔وہاں کے ڈاکٹرز نے اپنی پوری کوشش کی لیکن 100 فیصد بیماری کا خاتمہ نہ ہو سکا۔جس کے بعد انہوں نے ہمیں بیرون ملک جانے کی تجویز دی۔

جس کے بعد میں نے چین میں سلمان کے علاج کروانے کا فیصلہ کیا۔ریٹائرڈ جج شاہد محمود کا کہنا تھا کہ میں اپنے بچے کے علاج پر 50لاکھ سے زائد رقم خرچ کر چکا ہوں میں نے حکومت سے کوئی رقم نہیں لی۔لیکن چائنا میں علاج کے لیے مجھے تین لاکھ ڈالر چاہئیے جو میری اوقات سے باہر ہے جس کے بعد میں نے رجسٹرار آفس سے رابطہ کیا۔انہوں نے میر ی درخواست پنجاب گورنمنٹ کو ارصال کی لیکن مجھے ایک پیسہ بھی نہیں ملا۔

مجھے صرف تسلیاں دی جا رہی ہیں۔مجھ سے چئیرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض نے بھی وعدہ کیا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے اس وقت دو لاکھ پچاس ہزار ڈالر درکار ہیں۔جو کہ پاکستانی 3 کروڑ بنتے ہیں۔ سلمان کی امداد کرنے کے لیے آپ ان بنک اکاؤنٹ میں عطیات جمع کروا سکتے ہیں، 000270100601548 عسکری بنک لمیٹڈ ڈی ایچ اے برانچ ون لاہور کا ہے۔