جامعہ کراچی، آل پاکستان یونیورسٹیز آفیسرز فیڈریشن کی تقریب حلف برداری

اتوار 5 اگست 2018 20:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2018ء) جامعہ کراچی کے رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر ماجد ممتاز نے کہا کہ جامعات پر پورے معاشرے کی نظر ہوتی ہے ،جامعات کے معاشرے پر بہت گہرے اثرات مرتب ہوتے ہیںاورمعاشرے کی ترقی میں جامعات کا کلیدی کردارہوتاہے۔جامعہ کراچی انتظامیہ ملازمین کے مسائل کو قانون کے مطابق ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے کوشاں ہے۔

افسران کی سنڈیکیٹ میں نمائندگی کے لئے الیکشن کے حوالے سے خط جاری کیا جاچکاہے اور جلد ہی الیکشن کی تاریخ کا بھی اعلان کردیا جائے گا۔مجھے خوشی ہے کہ جامعہ کراچی کو یہ شرف حاصل ہوا کہ اس نے آل پاکستان یونیورسٹیز آفیسرز فیڈریشن کی تشکیل کے لئے کلیدی کرداراداکیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آل پاکستان یونیورسٹیز آفیسرز فیڈریشن کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب کا انعقاد جامعہ کراچی کے ایچ ای جے آڈیٹوریم میں کیا گیا۔ڈاکٹر ماجدممتاز نے فیڈریشن کے قیام پر تمام عہدیداران کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ مذکورہ فیڈریشن جامعات کی ترقی کے لئے اپنا کردار اداکرے گی۔اس موقع پر جامعہ کراچی کے محمد طاہر خان نے بحیثیت چیئر مین ،محمد الیاس جنرل سیکریٹری ایگریکلچر یونیورسٹی ،محمدعباس وائس چیئر مین پنجاب یونیورسٹی،ڈپٹی جنرل سیکریٹری مراد پیرزادہ شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور،جوائنٹ سیکریٹری مختیار احمد، محمد رمضان ڈپٹی جوائنٹ سیکریٹری قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد اوروفاقی اُردو یونیورسٹی کے عطامحمد گورمانی نے بحیثیت پریس سیکریٹری حلف اٹھالیا۔

دیگر صوبوں کے آفیسرز ایسوسی ایشن کے صدور وجنرل سیکریٹریز رکن مجلس عاملہ ہوں گے۔محمد طاہر خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین اور ادارے کی فلاح کے لئے مذکورہ فیڈریشن کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اداروں کو مضبوط کرنے کے لئے کام کریں اور اداروں کو مضبوط کرنے کے لئے ضروری ہے کہ ہم قانونی دائرہ کار میں رہتے ہوئے اپنے حقوق کے لئے جدوجہد کریں۔

فیڈریشن کے قیام کا مقصد پاکستان بھر کی سرکاری جامعات کے افسران کی تنظیموں کوایک اسیا پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے جس سے تمام جامعات کے آپس میں بہتر ین تعلقات استوار ہوسکیں۔افسران کے جائز حقوق کی فراہمی،دیرینہ مطالبات کی منظوری اور افسران سے متعلق پالیسیز کو ملک بھر کی جامعات میں یکساں طورپر نافذ کرناہے۔پشاور یونیورسٹی کے محمد اعجاز نے کہا کہ مذکورہ فیڈریشن کے قیام کا مقصد ایک محروم طبقے کو ان کے جائز حقوق دلوانے کے لئے جدوجہد کا آغازہے۔

ہم سب کو ڈگریاں دینے کے ساتھ ساتھ تعلیم کو بہتر سے بہتر کرنے کے لئے کوشش کرنی چاہیئے۔پنجاب یونیورسٹی کے چوہدری افتخار نے کہا کہ آفیسرز جامعات کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کاکردار اداکرتے ہیں اور ہم آئندہ بھی جامعات کی ترقی اور امن وآشتی کے لئے اپنا کردار اداکرتے رہیں گے۔تقریب میں نظامت کے فرائض سندھ یونیورسٹی آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے غلام نبی کاکا نے انجام دیئے جبکہ کلمات تشکر نواز ناریجونے اداکئے ۔تقریب میں ملک بھر کی سرکاری جامعات کے ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے شرکت کی۔