انڈونیشیا کے سیاحتی جزیرے لومبوک میں شدید زلزلے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد98ہوگئی

سینکڑوں زخمی ہوگئے‘درجنوں لاپتہ ہیں اور متعدد عمارتیں تباہ ہوگئیں۔حکام

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 6 اگست 2018 11:34

انڈونیشیا کے سیاحتی جزیرے لومبوک میں شدید زلزلے میں ہلاک ہونے والوں ..
جکارتہ(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔06 اگست۔2018ء) انڈونیشیا کے سیاحتی جزیرے لومبوک میں آنے والے شدید زلزلے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد98ہوگئی ہے جبکہ سینکڑوں زخمی ہوگئے‘درجنوں لاپتہ ہیں اور متعدد عمارتیں تباہ ہوگئیں۔امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 7 تھی جو 10 کلومیٹر زیرزمین تھا جبکہ دو درجن جھٹکے محسوس کیے گئے۔

غیرملکی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے انڈونیشیا کے نیشنل ڈیزاسٹر ایجنسی کے ترجمان سوتوپو پوروو نگورو نے تصدیق کی ہے کہ اب تک زلزے میں 98 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 209 افراد شدید زخمی ہیں اور درجنوں لاپتہ ہے انہوں نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہرکیا ہے۔مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں سے اب تک 358 سیاحوں کو منتقل کیا جاچکا ہے، تاہم ایک مقامی اور ایک غیر ملکی سیاح کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل حکام کی جانب سے سونامی کا الرٹ جاری کیا گیا تھا جسے بعد ازاں واپس لے لیا گیا۔محکمہ موسمیات کے سربراہ دیویکوریتا کارنواتی نے مقامی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ جزیرے کے قریبی دو گاﺅں میں سمندر کا پانی داخل ہوگیا ہے۔لومبوک میں آنے والے زلزلے کے جھٹکے دور دراز علاقوں اور شہروں میں بھی محسوس کیے گئے جبکہ صوبہ بندونگ کے شہر جیوانیز میں بھی نقصان پہنچا ہے جبکہ جزیرہ بالی میں بھی شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تاہم کسی نقصان کے حوالے سے اطلاع نہیں ملی۔

یاد رہے کہ ایک ہفتے قبل ہی لومبوک میں 6 اعشاریہ 4 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس مٰں 17 افراد جاں بحق اور سینکڑوں عمارتیں تباہ ہوگئی تھیں۔زلزلے کے جھٹکے کے بعد سیاحتی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ سے راستوں کو بھی جزوی نقصان پہنچا تھا۔انڈونشیا میں ماضی میں زلزلے اور طوفان سے ہزاروں افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔دسمبر 2016 میں انڈونیشیا کے صوبے آچے میں آنے والے 6.5 شدت کے زلزلے میں 100 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

واضح رہے کہ انڈونیشیا ایک ایسے خطے میں واقع ہے جہاں زیرزمین پلیٹس آپس میں ٹکراتی رہتی ہیں، جس کے باعث زلزلے اور آتش فشاں پھٹنے جیسے واقعات رونما ہوتے ہیں۔2004 میں انڈونیشیا کے مغربی جزیرے سماٹرا کے قریب آنے والے ایک زلزلے کے بعد سونامی کی وجہ سے ایک لاکھ 70 ہزار افراد ہلاک ہو گئے تھے۔