انڈونیشیا میں زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 91 ہوگئی، سینکڑوں افراد زخمی

پیر 6 اگست 2018 12:56

جکارتہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2018ء) انڈونیشیا کے سیاحتی جزیرے لومبوک میں زلزلے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 91 ہوگئی جبکہ سینکڑوں افراد زخمی ہیں۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق حکام نے کہا ہے کہ زلزلے کی شدت ریکٹر سکیل پر سات ریکارڈ کی گئی اور اس کی گہرائی دس کلومیٹر تھی۔ زلزلے سے عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں بجلی کا نظام ناکارہ ہونے سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے جبکہ بڑی تعداد میں لوگوں نے کھلے عام آسمان تلے رات گزاری۔

(جاری ہے)

زلزلے کے جھٹکے لومبوک سے متصل سیاحت کے لئے معروف جزیرے بالی میں بھی محسوس کئے گئے۔ زلزلے کے بعد سونامی کی وراننگ جاری کی گئی تاہم اسے چند گھنٹوں کے بعد واپس لے لیا گیا۔

حکام نے لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ ساحلی علاقے سے دور رہیں۔ انڈونیشیا میں امدادی کارروائیوں کے ادارے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ زلزلے کے نتیجے میں لومبوک کے مرکزی شہر ماترم میں بڑی تعداد میں عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔ زلزلے کے جھٹکے محسوس ہونے پر رہائشی افراتفری میں عمارتوں سے باہر نکل آئے۔ واضح رہے کہ لومبوک میں تقریباً ایک ہفتہ قبل بھی 6.4 شدت کا زلزلے سے 13 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔