جامعہ کراچی میں آل پاکستان یونیورسٹیز آفیسرز فیڈریشن کی تقریب حلف برداری

پیر 6 اگست 2018 14:10

جامعہ کراچی میں آل پاکستان یونیورسٹیز آفیسرز فیڈریشن کی تقریب حلف ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2018ء) جامعہ کراچی کے رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر ماجد ممتاز نے کہا کہ جامعہ کراچی انتظامیہ ملازمین کے مسائل کو قانون کے مطابق ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے کوشاں ہے، جامعہ کراچی نے آل پاکستان یونیورسٹیز آفیسرز فیڈریشن کی تشکیل کے لئے کلیدی کرداراداکیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آل پاکستان یونیورسٹیز آفیسرز فیڈریشن کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ڈاکٹر ماجدممتاز نے فیڈریشن کے قیام پر تمام عہدیداران کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ مذکورہ فیڈریشن جامعات کی ترقی کے لئے اپنا کردار اداکرے گی۔اس موقع پر جامعہ کراچی کے محمد طاہر خان نے بحیثیت چیئر مین ،محمد الیاس جنرل سیکرٹری ایگریکلچر یونیورسٹی ،محمدعباس وائس چیئر مین پنجاب یونیورسٹی،ڈپٹی جنرل سیکرٹری مراد پیرزادہ شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور،جوائنٹ سیکرٹری مختیار احمد، محمد رمضان ڈپٹی جوائنٹ سیکرٹری قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد اوروفاقی اردو یونیورسٹی کے عطامحمد گورمانی نے بحیثیت پریس سیکرٹری حلف اٹھالیا۔

(جاری ہے)

دیگر صوبوں کے آفیسرز ایسوسی ایشن کے صدور وجنرل سیکریٹریز رکن مجلس عاملہ ہوں گے۔محمد طاہر خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین اور ادارے کی فلاح کے لئے مذکورہ فیڈریشن کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اداروں کو مضبوط کرنے کے لئے کام کریں اور اداروں کو مضبوط کرنے کے لئے ضروری ہے کہ ہم قانونی دائرہ کار میں رہتے ہوئے اپنے حقوق کے لئے جدوجہد کریں۔

فیڈریشن کے قیام کا مقصد پاکستان بھر کی سرکاری جامعات کے افسران کی تنظیموں کوایک اسیا پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے جس سے تمام جامعات کے آپس میں بہتر ین تعلقات استوار ہوسکیں۔افسران کے جائز حقوق کی فراہمی،دیرینہ مطالبات کی منظوری اور افسران سے متعلق پالیسیز کو ملک بھر کی جامعات میں یکساں طورپر نافذ کرناہے۔پشاور یونیورسٹی کے محمد اعجاز نے کہا کہ مذکورہ فیڈریشن کے قیام کا مقصد ایک محروم طبقے کو ان کے جائز حقوق دلوانے کے لئے جدوجہد کا آغازہے۔

ہم سب کو ڈگریاں دینے کے ساتھ ساتھ تعلیم کو بہتر سے بہتر کرنے کے لئے کوشش کرنی چاہئے۔پنجاب یونیورسٹی کے چوہدری افتخار نے کہا کہ آفیسرز جامعات کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کاکردار اداکرتے ہیں اور ہم آئندہ بھی جامعات کی ترقی اور امن وآشتی کے لئے اپنا کردار اداکرتے رہیں گے۔