اب کن ٹیموں کیخلاف عمدہ پرفارمنس دینا چاہتا ہوں،فخر زمان نے بتا دیا

ریکارڈ زاہم نہیں ،ٹیسٹ کرکٹ میں بھی اہلیت ثابت کرنا چاہتا ہوں، قومی اوپنر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 6 اگست 2018 14:10

اب کن ٹیموں کیخلاف عمدہ پرفارمنس دینا چاہتا ہوں،فخر زمان نے بتا دیا
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔6اگست 2018 ء) قومی ٹیم کے اوپننگ بلے باز فخر زمان نے آسٹریلیاا ور نیوزی لینڈ کیخلاف ہوم سیریز پر نگاہیں جما لیں۔ گزشتہ روز ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ وہ ریکارڈز بنانے کے لیے نہیں کھیلتے بلکہ ان کا مقصد گرین شرٹس کو کامیابی دلانا ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ دورہ زمبابوے کی پرفارمنس پر خوش ہیں کیونکہ سہ فریقی ٹی ٹونٹی سیریز اور ون ڈے میچوں میں ان کی اچھی کارکردگی قومی ٹیم کیلئے مددگار ثابت ہوئی، ان کا اہم ہدف ملک کیلئے طویل فارمیٹ کی کرکٹ کھیلنا اور خود کو پانچ روزہ کرکٹ کا اہل ثابت کرنا ہے۔

فخر زمان کے مطابق ون ڈے فارمیٹ ان کا پسندیدہ ہے لیکن سب کہہ رہے ہیں کہ ٹیسٹ کرکٹ بھی کھیلنا چاہئے۔ آئی سی سی رینکنگ میں بائیس درجے ترقی پر ان کا کہنا تھا کہ وہ خوش قسمت ہیں کہ دورہ زمبابوے میں ملنے والے موقع کا پورا فائدہ اٹھا سکے کیوں کہ وہاں پر بہت زیادہ سردی تھی اور کھیلنا آسان نہیں رہا۔

(جاری ہے)

ایک سوال پر فخر زمان نے بتایا کہ جب وہ ڈبل سنچری کے قریب تھے تو ان کے ذہن میں سعید انور کا ریکارڈ بالکل بھی نہیں تھا کیونکہ اس وقت توجہ دو سو رنز مکمل کرنے پر تھی کیونکہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے یہ خواہش ظاہر کی تھی۔

ورلڈ کپ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وہ آئندہ سال انگلینڈ میں بھی اچھی پرفارمنس کیلئے پر امید ہیں جبکہ آصف علی قومی ٹیم میں بہترین اضافہ ہیں۔یاد رہے کہ فخر زمان میں زمبابوے میں سہ فریقی ٹی ٹونٹی سیریز کے فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف شاندار اننگز کھیلی تھی جب کہ زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز کے دوران پاکستان کی جانب سے ون ڈے کرکٹ میں ڈبل سنچری بنانے والے پہلے بلے باز بننے کا اعزاز بھی اپنے نام کیا اور ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں تیز ترین ایک ہزار رنز مکمل کرنے والے بلے باز بھی بنے ۔