ورلڈ ٹریڈ سینٹر حملہ کے نامزدملزم کی بیٹی سے اسامہ کے بیٹے حمزہ بن لادن کی شادی

حمزہ بن لادن نے القاعدہ میں انتہائی اہم عہدے پر اپنی جگہ بنالی ہے تاکہ اپنے والد کی موت کا بدلہ لے سکے،سوتیلے چچائوں کی گفتگو

پیر 6 اگست 2018 16:19

ورلڈ ٹریڈ سینٹر حملہ کے نامزدملزم کی بیٹی سے اسامہ کے بیٹے حمزہ بن لادن ..
لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2018ء) اسامہ بن لادن کے اہل خانہ نے انکشاف کیا ہے کہ اسامہ بن لادن کے بیٹے حمزہ بن لادن نے نائن الیون حملے کے اصل کردار محمد عطاء کی بیٹی سے شادی کرلی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسامہ بن لادن کے سوتیلے بھائی احمد اور حسن العطاس نے انٹرویو میں بتایا کہ حمزہ بن لادن نے القاعدہ میں انتہائی اہم عہدے پر اپنی جگہ بنالی ہے تاکہ اپنے والد کی موت کا بدلہ لے سکے، جنہیں سات برس قبل ایبٹ آباد میں امریکی فوجیوں نے ایک آپریشن کے دوران قتل کردیا تھا۔

اسامہ بن لادن کے سوتیلے بھائی احمد العطاس کا کہنا تھا کہ ’ہم نے سنا ہے کہ حمزہ بن لادن نے محمد عطا کی بیٹی سے شادی کرلی لیکن ہمیں نہیں معلوم کہ وہ کہاں ہیں، شاید وہ افغانستان میں ہو۔

(جاری ہے)

حسن العطاس نے کہا کہ جب ہم نے سوچا کہ سب کچھ ختم ہو گیا تو اگلی چیز حمزہ بن لادن نے کہا کہ میں اپنے والد کا بدلہ لینے کے لیے جارہا ہوں، اس کے بعد دوبارہ ملاقات نہیں ہوئی۔

اگر حمزہ بن لادن میرے سامنے ہوتا تو میں اس کو کہتا کہ اللہ تمھاری رہنمائی کرے، جو کچھ کرنے جارہے ہو اس کے بارے میں 2 مرتبہ سوچنا اور اپنے والد کے نقش قدم پر مت چلنا، تم انتہائی منفی اور روح کے اندھیرے گوشوں میں داخل ہو رہے ہو۔واضح رہے کہ حمزہ بن لادن، اسامہ بن لادن کی تیسری شریک حیات خیریہ صابر کے بیٹے ہیں اور خیریہ صابر اس وقت ایبٹ آباد میں کمپاؤنڈ کے اندر موجود تھیں جب امریکی فوجیوں نے آپریشن کیا تھا۔

اسامہ بن لادن نے آخری وقت میں اپنے چاہنے والوں کو ایک پیغام دیا تھا، جس میں امریکہ، برطانیہ، فرانس اور اسرائیل کے خلاف جنگ جاری رکھنے کی ترغیب دی گئی تھی۔واضح رہے کہ مغربی ممالک کی خفیہ ایجنسیاں گزشتہ دو برس سے حمزہ بن لادن کی تلاش میں پوری طرح مصروف ہیں جسے اسامہ بن لادن کے بعد نوجوان نسل بہت تیزی سے اپنا ہیرو تسلیم کررہی ہے۔

خیال رہے کہ اسامہ بن لادن کا بیٹا خالد بھی ایبٹ آباد آپریشن میں جاں بحق ہو گیا تھا جبکہ ان کا تیسرا بیٹا سعد 2009 میں افغانستان میں ڈرون حملے میں جاں بحق ہوا تھا۔کمپاؤنڈ سے جمع کیے جانے والے خطوط سے واضح ہوتا ہے کہ اسامہ بن لادن سعد کا بدلہ لینے کے لیے حمزہ کو تیار کررہے تھے۔امریکی محکمہ خارجہ نے حمزہ بن لادن کا نام عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرنے کا حکم دیا تھا۔