Live Updates

پنجاب سمیت پاکستان بھر میں چیئرمین عمران خان کی قیادت میں تبدیلی آچکی ہے،سردار ذوالفقار علی خان دُلہہ

حالیہ عام انتخابات میں عوام نے ثابت کر دیا ضلع چکوال اب تحریک انصاف کا مضبوط قلعہ ہے،پی ٹی آئی رہنماء

پیر 6 اگست 2018 18:36

چکوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 اگست2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور نومنتخب رکن قومی اسمبلی سردار ذوالفقار علی خان دُلہہ نے کہا ہے کہ پنجاب سمیت پاکستان بھر میں چیئرمین عمران خان کی قیادت میں تبدیلی آچکی ہے۔ حالیہ 2018ء کے عام انتخابات میں عوام نے ثابت کر دیا ہے کہ ضلع چکوال اب تحریک انصاف کا مضبوط قلعہ ہے۔ وہ چیئرمین یونین کونسل پادشہان چوہدری سرفراز خان اور معروف ماہر قانون سید شاہد حسین کاظمی ایڈووکیٹ کی قیادت میں دُلہہ ہاؤس میں مبارکباد دینے کے لئے آنے والے بڑے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔

اس موقع پر چیئرمین یو سی دُلہہ سردار عارف خان بھی موجود تھے۔ قبل ازیں سابق ڈپٹی کمشنر اسلام آباد چوہدری محمد علی کی قیادت میں آنے والے وفد نے بھی سردار ذوالفقار علی خان دُلہہ کو شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور اُنہیں پھولوں کا گلدستہ پیش کیا جبکہ یو سی کھائی سے بھی آنے والے وفد نے اُنہیں مبارکباد پیش کی۔

(جاری ہے)

حلقہ این اے 64 سے تعلق رکھنے والے ہزاروں ووٹروں اور سپورٹروں نے بھی دُلہہ ہاؤس میں مبارکبادی کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے اور وہاں پر بدستور جشن کا سماں ہے۔

سردار ذوالفقار علی خان دُلہہ نے مزید بتایا کہ حلقہ این اے 64 کی حالت زار دیکھ کر اُن کا دل خون کے آنسو روتا ہے۔ بدقسمتی سے 30 سال تک یہاں برسر اقتدار رہنے والا قبضہ گروپ عوام کے لئے کچھ نہ کر سکا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مرکز اور پنجاب میں پی ٹی آئی کی حکومتیں قائم ہونے کے بعد اگلے چھ ماہ میں چکوال میں یونیورسٹی کا قیام اُن کی ترجیحات میں شامل ہے جبکہ 200 بستروں پر مشتمل ایک معیاری ہسپتال بھی عوام کو فراہم کریں گے اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چکوال میں سپیشلسٹ ڈاکٹروں کی کمی کو پورا کرنے کے لئے سخت گیر حکمت عملی طے کی جائے گی تاکہ کسی مریض کو راولپنڈی ریفر کرنے کی نوبت نہ آئے۔

سردار ذوالفقار علی خان دُلہہ نے مزید بتایا کہ چکوال کے تمام سرکاری اداروں کو مضبوط کیا جائے گا تاکہ وہ بہتر انداز میں عوام کی خدمت کر سکیں۔ نومنتخب رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ تھانوں میں پولیس ٹاؤٹوں کا داخلہ بند کر دیا جائے گا اور روایتی جھوٹی درخواست گزاروں کی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کو عمران خان کے ویژن کے مطابق سیاسی دباؤ سے پاک کر کے میرٹ پر کام کرنے پر گامزن کیا جائے گا۔ عوام کے مسائل اُن کی دہلیز پر حل ہوں گے۔ محرومیوں اور مایوسیوں کا انشاء اللہ خاتمہ کریں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات