لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ساجد محمود سیٹھی کی این اے 106 فیصل آباد سے رانا ثنا اللہ کی نا اہلی کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت سے معذرت

پیر 6 اگست 2018 19:23

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 اگست2018ء) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے این اے 106 فیصل آباد سے (ن) لیگ کے نومنتخب ایم این اے رانا ثنا اللہ کی نا اہلی کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت سے معذرت کر لی۔ جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے درخواستیں سماعت کیلئے جسٹس مامون رشید شیخ کو بھجوادیں۔ فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ اسی نوعیت کی درخواستوں پر پہلے جسٹس مامون رشید شیخ سماعت کرچکے ہیں ، مناسب ہے کہ جسٹس مامون رشید شیخ اس کیس کی بھی سماعت کریں ،پی ٹی آئی کے ڈاکٹر نثار احمد کی جانب سے دو درخواستوں پر سماعت کے لئے مقرر کی گئی تھیں۔

ایک درخواست میں نا اہلی دوسری میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی استدعا کی گئی ہے۔ درخواستوں میں وفاقی حکومت ،الیکشن کمیشن پاکستان اور راناثناء اللہ کو فریق بنایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ رانا ثناء اللہ نے قادیانیوں کے بارے متنازعہ بیان دیا ، رانا ثناء اللہ نے میاں نواز شریف کے استقبال کرنے کو حج کرنے کے مترادف قرار دیا، رانا ثناء اللہ اپنی قومی اسمبلی کی رکنیت قائم کرنے کے اہل نہیں رہے،آئین کے آرٹیکل 62 (ڈی) کے تحت رانا ثنا اللہ اسمبلی کی رکنیت کے اہل نہیں رہے، درخواست میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ این اے 106 سے رانا ثناء اللہ کو دھاندلی سے کامیاب کامیاب قرار دیا گیا ، عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ حلقہ سے ووٹوں کی دوبارہ گنتی اور رانا ثناء اللہ کو ایم این اے کے لیے نا اہل قرار دیا جائے۔