اپوزیشن عدد میں بڑی کردار میں بہت چھوٹی ہے : خرم نواز گنڈا پور

پیر 6 اگست 2018 22:52

اپوزیشن عدد میں بڑی کردار میں بہت چھوٹی ہے : خرم نواز گنڈا پور
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 اگست2018ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ دعا ہے پاکستان کے عوام کی غربت، دہشتگردی سے جان چھوٹے،قائد اعظم محمد علی جناح نے جن مقاصد کے لیے پاکستان بنایا تھا وہ پورے ہوں،کرپشن، بدعنوانی اور بدنیتی نے ملک وقوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، وہ گذشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں عوامی تحریک یوتھ ونگ کے رہنمائوں کے وفد سے بات چیت کر رہے تھے، اس موقع پرمرکزی صدر یوتھ لیگ مظہر محمود علوی،منصور قاسم اعوان،حاجی فرخ، حافظ عمر،عصمت علی،شعیب مغل ودیگر بھی موجود تھے، انہوں نے کہا کہ ماضی کے بد ترین حکمران ایک بار پھر اپوزیشن کی صورت میں پاکستان کی تقدیر سے کھیلنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، عوام قاتلوں، لٹیروں کو منفی کھیل کھیلنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے، اپوزیشن عدد میں تو بڑی ہے مگر کردار میں بہت چھوٹی ہے، آج کی اپوزیشن میں بڑی تعداد قاتلوں،پانامہ کے چوروں کی ہے،انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ بے گناہوں کا خون بہانے والے اور قومی خزانہ لوٹنے والوں کو عبرت کا نشان بنا دیا جائے، دریں اثناء گذشتہ روز 20روز کے بعد سانحہ ماڈل ٹائون استغاثہ کیس پر انسداد دہشتگری عدالت لاہور میں سماعت ہوئی،سماعت کے موقع پر مستغیث جواد حامد پر ملزمان کے وکلاء نے جرح کی، جواد حامد نے ملزمان کے وکلاء کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن سیکرٹریٹ اور پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرا لقاری کی رہائش گاہ کے باہر اہل محلہ کی درخواست پر لاہور ہائیکورٹ کے آرڈر سے ماڈل ٹائون پولیس نے بیرئیر لگوائے، اس سارے عمل کے عدالتی احکامات اور پولیس کی خط وکتابت ریکارڈ پر ہے، انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری نے خودکش دھماکوں کے خلاف فتوی دیا تھا جس پر دہشتگرد تنظیموں نے حملہ کی دھمکیاں دیں اس پر اہل محلہ نے حفاظتی انتظامات کی ضرورت پر زور دیا، شریف برادران نے بیرئیر ہٹانے کی آڑ میں ڈاکٹر طاہرالقادری کے اہل خانہ کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا تھا جس میں وہ کامیاب نہ ہوسکے۔