Live Updates

تمام تر کوششوں کے باوجود لاڈلے کو سادہ اکثریت نہیں دلائی جا سکی، عمران خان کی فتح اخلاقی شکست کی صورت میں سامنے آئی ‘قمر زمان کائرہ

عمران خان جن کو ڈاکو اور قاتل کہتے تھے آج انکے ساتھ اگلی صفوں میں کھڑے ہیں ،ہم کیسز سے بھاگنے والے نہیں ان کا مقابلہ کریں گے پنجاب میں توقعات کے مطابق کامیابی حاصل نہیں کر سکے ،(ن) لیگ کیساتھ چلنے بارے فیصلہ پارٹی کرے گی‘اجلاس کی بعد پریس کانفرنس

پیر 6 اگست 2018 23:09

تمام تر کوششوں کے باوجود لاڈلے کو سادہ اکثریت نہیں دلائی جا سکی، عمران ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ تمام تر کوششوں کے باوجود لاڈلے کو سادہ اکثریت نہیں دلائی جا سکی، عمران خان کی فتح اخلاقی شکست کی صورت میں سامنے آئی ہے،عمران خان جن کو ڈاکو اور قاتل کہتے تھے آج انکے ساتھ اگلی صفوں میں کھڑے ہیں ،ہم کیسز سے بھاگنے والے نہیں بلکہ قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے انکا مقابلہ کریں گے ،پنجاب میں توقعات کے مطابق کامیابی حاصل نہیں کر سکے ،مسلم لیگ (ن) کیساتھ چلنا ہے کہ نہیں اس کا فیصلہ پارٹی کرے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارتی کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں ٹکٹ ہولڈرز کے اجلاس کے بعد چوہدری منظور ،اسلم گل ،رانا فاروق ،سید حسن مرتضی اور ملک عثمان سمیت دیگر رہنمائوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ انتخابات والے دن نتائج کا دیر سے آنا اور فارم 45 کا نہ ملنا دھاندلی کی نشاندہی کرتاہے، ہمارے پولنگ ایجنٹس کو نتائج سفید کاغذ پر لکھ کر دیئے گئے۔

الیکشن سے پہلے ہی پری پول دھاندلی کی گئی اور ہمارے کارکنان کی وفاداریاں تبدیل کرائی گئیں،حکومت میں آنے والے اور ان کے تمام اتحادی بھی یہ بات کہہ رہیں ہیں کہ الیکشن میں دھاندلی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد امیدواروں کیلئے جہاز اڑائے گئے اور پیسے کا بے دریگ استعمال کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ لوٹوں کو ساتھ بلانے کیلئے پی ٹی آئی نے کہیں وزارتیں تقسیم کیں اور کہیں نوٹ،تمام تر کوششوں کے باوجود لاڈلے کو سادہ اکثریت نہیں دلائی جا سکی، عمران خان کی فتح اخلاقی شکست کی صورت میں سامنے آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کسی غیر جمہوری ہتھکنڈے کا حصہ نہیں بنے گی،پی ٹی آئی کی اس حکومت کو گرانا تو کوئی مسئلہ ہی نہیں ہے مگر چاہتے تو اس حکومت کو پیدا ہونے سے قبل ہی گرا دیتے، جمہوریت کی خاطر ایسا نہ کیا،عدلیہ کے فیصلوں سے قبل پیپلزپارٹی کا میڈیا ٹرائل نہیں ہونا چاہیے۔انہوں نے بتایا کہ قومی اسمبلی میں سپیکر کیلئے خورشید احمد شاہ ہمارے امیدوار ہوں گے،متحدہ اپوزیشن کے ساتھ چلیں گے اور معاملات کو ہر فورم پر اٹھائیں گے،ہم جمہوریت کی آزادی کیلئے کوشاں ہیں ۔

انہوں نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے قوم کو جو خواب دکھائے اب ان کو پورا کریں ،شوکت خانم کی طرح چندہ لیکر ملک چلائیں ، ہم یہ چاہتے ہیں کہ وہ ملک کیلئے کام کریں۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ وفاداریاں تبدیل کرنے والوں کا کوئی مستقبل نہیں ۔ ایک سول کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب میں توقعات کے مطابق کامیابی حاصل نہیں کر سکے ، پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کیساتھ چلنا ہے کہ نہیں اس کا فیصلہ پارٹی کرے گی ۔

اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنماء چوہدری منظور نے کہا کہ جس الیکشن کی بنیاد ہی دھالی ہو تو ایسی حکومت نہیں چل سکتی،بلاول بھٹو کو ایک سازش کے تحت لیاری میں ہرایا گیا۔جمہوریت کے لئے لڑے ہیں آگئے بھی لرتے رہیں گے، عمران خان اگر مثبت کام نہیں کرے گا تو اپوزیشن اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات