ذی الحج 1439ھ کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 12اگست کو ہوگا

پیر 6 اگست 2018 23:11

ذی الحج 1439ھ کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 12اگست کو ہوگا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2018ء) ذی الحج 1439ھ کا چاند دیکھنے کے لئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 12اگست، 29ذوالقعدہ اتوارکے روز کراچی میں طلب کر لیا گیا ہے جبکہ ماہرین فلکیات نے بھی چاند اتوار کو نظر آنے کی پیشگوئی کر دی ہے ۔ذو الحجہ کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اتوار کی شام محکمہ موسمیات کمپلیکس کراچی میں مرکزی چیئر مین مفتی منیب الرحمن کی زیر صدارت منعقد ہو گا جبکہ زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اسی روز بوقت نماز مغرب ان کے مقررہ صوبائی ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوں گے جن میں ذو الحجہ کے چاند کی شرعی رویت کا فیصلہ اوراعلان کیا جائے گا۔

ماہرین فلکیات کے مطابق اس بار ذوالقعدہ کا مہینہ 29ایام پر مشتمل ہونے کا امکان ہے اور 12 اگست اتوارکے روز ذوالحجہ کا چاند نظرآنے کا قوی امکان ہے جس کے باعث یکم ذی الحج 13 اگست بروز پیر اورعید الاضحی 22 اگست بروز بدھ 10ذ والحجہ کو ہوگی جبکہ اس بار پاکستان اور سعودی عرب میں بدھ کو ایک ہی روز عید قربان ہونے کا بھی امکان ہے جبکہ فرزندان اسلام 21 اگست بروز منگل کو فریضہ حج کی سعادت حاصل کریں گے۔

(جاری ہے)

ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ11 اگست ہفتہ کی شام ذی ا لحج کا چاند نظر آنا ممکن نہیں کیونکہ اس روز بوقت نماز مغرب نئے چاند کی عمر پاکستان میں 4 گھنٹے اور سعودی عرب میں 6 گھنٹے ہوگی جبکہ چاند دیکھنے کیلئے اس کی عمر کا 20 سے 34 گھنٹے کے درمیان ہونا ضروری ہے۔