اینٹی نارکوٹکس فورس پاکستان نی26ملک گیر کاروائیوں کے دوران 1 ارب 73 کروڑ 58 لاکھ روپے بین الاقوامی مالیت کی1.8 ٹن منشیات برآمد کر لیں

منشیات اسمگلنگ میں ملوث30ملزمان گرفتار،18 گاڑ یاں بھی ضبط کر لی گئیں

پیر 6 اگست 2018 23:24

اینٹی نارکوٹکس فورس پاکستان نی26ملک گیر کاروائیوں کے دوران 1 ارب 73 کروڑ ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2018ء) اینٹی نارکوٹکس فورس پاکستان نی26ملک گیر کاروائیوں کے دوران 1 ارب 73 کروڑ 58 لاکھ روپے بین الاقوامی مالیت کی1.8 ٹن منشیات برآمد کر لیں جبکہ منشیات اسمگلنگ میں ملوث30ملزمان کوگرفتارجبکہ18 گاڑ یاں بھی ضبط کر لی گئیں۔ برآمد شدہ منشیات میں 1713.35 کلو گرام چرس، 59.22 کلو گرام افیون، 24.92 کلو گرام ہیروئن اور 11.99 کلو گرام ایمفیٹامائن شامل ہے۔

تفصیلات کے مطابق، اے این ایف کوئٹہ نے خفیہ ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاع پر کاروائی کے دوران تحصیل گلستان، ضلع کلہ عبداللہ کے پہاڑی علاقے کلی خرگئی سے 924 کلو گرام چرس برآمد کر لی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق برآمد شدہ منشیات کسی دیگر گروہ کے حوالے کرنے کی غرض سے چھپائی گئی تھی۔

(جاری ہے)

دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف کوئٹہ نے تحصیل کیچھ، ضلع تربت کے علاقے ابصارکے قریب واقع کیچھ ندی سے ایک بغیر نمبر پلیٹ سنگل کیبن پک گاڑی کو قبضے میں لیکر گاڑی میں موجود 460 کلو گرام چرس،89 بوتل شراب اور 11 ٹِن بیئر برآمد کر لی۔

جبکہ ملزم رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہو گیا جس کی تلاش جاری ہے ۔اے این ایف راولپنڈی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کاروائی کے دوران بذریعہ پرواز نمبر SV-727 جدہ جانے والے گجرات کے رہائشی عظمت علی نامی مسافر کے سامان کی تلاشی کے دوران ملزم کے ٹرالی بیگ سے 1.8 کلو گرام ایمفیٹامائن برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے اسلام آباد ٹول پلازہ کے قریب ایک سوزوکی سوفٹ کار کو روک کر دوران تلاشی گاڑی کے دروازوں میں چھپائی گئی 3.3 کلو گرام چرس برآمد کر کے خیبر ایجنسی کے رہائشی امجد اللہ اور عبدالقادر نامی 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔تیسری کاروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے مردان کے رہائشی جان محمد اور چارسدہ کے ر ہائشی مسعود نامی 2 مسافروں کے سامان کی تلاشی کے دوران ان کے سفری بیگ سے 3.37 کلو گرام ایمفیٹا مائن برآمد کر کے دونوں ملزما ن کو گرفتار کر لیا۔

ملزمان پرواز نمبر XY-316 کے ذریعے ریاض روانہ ہو رہے تھے۔چوتھی کاروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بذریعہ پرواز نمبر EY-232مدینہ جانے والے سوات کے رہائشی رحمت زیب نامی مسافر کے سامان کی تلاشی کے دوران اس کے سفری بیگ سے 3 کلو گرام ایمفیٹا مائن برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔پانچویں کاروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے موٹروے پولیس کے ساتھ مشترکہ کاروائی کرتے ہوئے چکری، راولپنڈی کے قریب اسلام آباد ۔

راولپنڈی موٹروے پر کھڑی ایک لاوارث ٹیوٹا کرولا کار کو قبضے میں لیکر دوران تلاشی گاڑی کے ڈیش بورڈ میں چھپائی گئی 2 کلو گرام ہیروئن برآمد کر لی۔ چھٹی کاروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے موٹروے ٹول پلازہ، اسلام آباد کے قریب ایک سوزوکی مہران گاڑی کو روک کر دوران تلاشی گاڑی کی ڈگّی میں چھپائی گئی 81.055 کلو گرام چرس اور 12.420 کلو گرام افیون برآمد کر گجرانوالہ کے رہائشی اشتیاق احمد نامی ملزم کو موقع پر گرفتار کر لیا۔

اے این ایف لاہور نے ایکسپو سینٹر، جوہر ٹائون، لاہور کے قریب کاروائی کے دوران ایک ٹرالر کو روک کر دوران تلاشی ٹرالر کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 30 کل گرام چرس برآمد کر کے اوکاڑہ کے رہائشی اسرار خان اور ساہیوال کے رہائشی سرفراز نامی ملزم کو گرفتار کر لیا۔دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے جوہر ٹائون، لاہور میں واقع اللہ ھو سی این جی اسٹیشن کے قریب ایک سوروکی سوفٹ کار کو روک کر دوران تلاشی گاڑی کے خفیہ خانوں سے 18 کلو گرام چرس برآمد کر کے کوہاٹ کے رہائشی نصیر خان نامی ملزم کو گرفتار کر لیا۔

تیسری کاروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئر پورٹ، لاہور میں واقع ایک نجی کوریئر کمپنی کے دفتر سے برطاینہ بھیجے جانے والے ایک پارسل کو قبضے میں لیکر دوران تلاشی اس میں سے 5.1 کلو گرام ہیروئن برآمد کر لی۔ پارسل سیالکوٹ سے بک کروایا گیا تھا۔ برآمد شدہ منشیات 100 عدد ہتھوڑوںمیں چھپائی گئی تھی۔چوتھی کاروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے کالا شاہ کاکو ٹول پلازہ، شیخوپورہ کے قریب ایک ٹیوٹا کرولا XLI کار کو روک کر دوران تلاشی گاڑی کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی7.2 کلو گرام چرس برآمد کر کے پشاور کے رہائشی سردار علی نامی ملزم کو گرفتار کر لیا۔

پانچویں کاروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے چن دا کلہ، تحصیل و ضلع گجرانوالہ کے قریب موٹرسائیکل پر سوار گجرانوالہ کے رہائشی محمد سلیم اور عمران علی نامی 2 ملزمان کو روک کر ان کے قبضے سے 24 کلو گرام افیون برآمد کر کے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ چھٹی کاروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے فیروز پور روڈ، لاہور پر واقع گجو متامیٹرو بس ٹرمینل کے قریب لاہور کے رہائشی سجاد نامی موٹرسائیکل سوار کوروک کر اس کے قبضے سے 10.8 کلو گرام افیون برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

ساتویں کاروائی کے دوران اے این ایف لاہورنے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر واقع ایک نجی کوریئر کمپنی کے دفتر سے برطانیہ بھیجے جانے والے ایک پارسل کو قبضے میں لیکر اس سے 1.57 کلو گرام ہیروئن برآمد کر لی۔ برآمد شدہ منشیات 86 عددبون کریکرز میں چھپائی گئی تھیں۔آٹھویں کاروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے خانیوال ٹول پلازہ کے قریب ایک ہنڈا سٹی کار کو روک کر دوران تلاشی گاڑی کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 22.8 کلو گرام چرس برآمد کر لی۔

جبکہ موقع پر موجود پشاور کے رہائشی شاہ خالد، صوابی کے رہائشی امین خان، چارسدہ کے رہائشی عمر حیات اور راولپنڈی کے رہائشی ناصر خان نامی 4 ملزمان کو رگرفتار کر لیا۔نویں کاروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے لاثانی پل، سرگودھا روڈ، فیصل آباد پر ایک سوزوکی کلٹس گاڑی کو روک کر دوران تلاشی گاڑی کے خفیہ خانوں سے 6 کلوگرام افیون برآمد کر کے پشاور کے رہائشی فضل ربی نامی ملزم کو گرفتار کر لیا۔

دسویں کاروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے مین موٹروے ٹول پلازہ، فیصل آباد کے قریب ایک ٹیوٹا کرولا GLI کار کو روک کر دوران تلاشی گاڑی کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 27.6 کلو گرام چرس برآمد کر کے موقع پر موجود پشاور کے رہائشی سجاد خان اور عبد الوھاب نامی 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔گیارھویں کاروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے بذریعہ پرواز نمبر EK-2103 ریاض جانے والے رحیم یار خان کے رہائشی احمد آفتاب نامی مسافر کے سامان کی تلاشی کے دوران ملزم کے سامان سے 2.67 کلو گرام ایمفیٹا مائن برآمد کر کے اسے گرفتار کر لیا۔

بارھویں کاروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے کالا شاہ کاکو انٹرچینج شیخوپورہ کے قریب ایک سوزوکی مہران گاڑی کو روک کر دوران تلاشی گاڑی کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 2.25 کلو گرام ہیروئن برآمد کر کے پشاور کے رہائشی محمد اجمل نامی ملزم کو گرفتار کر لیا۔تیرھویں کاروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے فیروز پور روڈ، لاہور پر واقع جنرل ہسپتال کے قریب قصور کے رہائشی محمد وقاص نامی موٹرسائیکل سوار کے ذاتی قبضے سے 2 کلو گرام ہیروئن برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

چودھویں کاروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے دربار حافظ امیر محمد، مظفر گڑھ چوک، جوہر آباد، تحصیل و ضلع خوشاب کے قریب ایک ہنڈا CG-125 موٹرسائیکل روک کر اس پر سوار کرک کے رہائشی سردار علی خان، امین خان اور حضرت علی رحمان نامی 3 ملزمان کے ذاتی قبضے سے 3.4 کلو گرام چرس برآمد کر کے تینوں ملزمان کو گرفتار کر لیااے این ایف پشاور نے نیو ٹول پلازہ کوہاٹ کے قریب ایک لاوارث سوزوکی سوفٹ کار کو تحویل میں لیکر دوران تلاشی گاڑی کے فرش کے نیچے انتہائی مہارت سے چھپائی گئی 26 کلو گرام چرس برآمد کر لی، جبکہ ملزم کی تلاش جاری ہے۔

دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف پشاور نے پشاور انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے کوہاٹ کے رہائشی عرفان خان نامی مسافر کے سامان کی تلاشی کے دوران اس کے سامان میں موجود کلہاڑی کے دستوں میں چھپائی گئی 795 گرام ایمفیٹا مائن برآمد کر لی۔ ملزم بذریعہ پرواز نمبر GF-787 ریاض روانہ ہو رہا تھا۔تیسری کاروائی کے دوران اے این ایف پشاور نے کوہاٹ پل ، پشاور کے قریب ایک ٹیوٹا کرولا GLI کار کو روک کر دوران تلاشی گاڑی کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 12 کلو گرام ہیروئن برآمد کر کے پشاور کے رہائشی محمد عدنان نامی ملزم کو گرفتار کر لیا۔

اے این ایف کراچی نے خفیہ اطلاع پر کاروائی کے دوران رستم چوک، شکارپور کے قریب ایک شہزور ٹرک کو روک کر دوران تلاشی ٹرک میں موجود 110 کلو گرام چرس برآمد کر کے شہداد کوٹ کے رہائشی ضمیر حسین نامی ملزم کو گرفتار کرلیا۔تمام مقدمات اے این ایف کے متعلقہ تھانوں میں درج کر لئے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔