Live Updates

کراچی ،گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کایوم آزادی کے بعددھاندلی کے خلاف ہڑتال،

دھرنے اور سخت ترین احتجاجی پروگرام کا اعلان عوام نے پیپلز پارٹی کوووٹ نہیں دیئے زبردستی عوامی منڈیٹ چراکر اسے کامیاب کرایا گیا ہے،بی بی کی شہادت پر بھی پی پی کو اتنی سیٹس نہیں ملی تھیں اب کیسے مل گئیں،اجلاس کے بعد آیازلطیف پلیجو کی میڈیا کوبریفننگ

پیر 6 اگست 2018 23:28

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 اگست2018ء) گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس نے 25جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے نتائج کو ایک مرتبہ پھر رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوم آزادی کے بعددھاندلی کے خلاف ہڑتال، دھرنے اور سخت ترین احتجاجی پروگرام کا اعلان کیا جائے گا، جی ڈی اے نے الزام لگایا ہے کہ سندھ کے عوام نے پیپلز پارٹی کوووٹ نہیں دیئے بلکہ زبردستی عوامی منڈیٹ چراکر اسے کامیاب کرایا گیا ہے۔

جی ڈی اے کا اجلاس پیر کی شام اتحاد کے سربراہ پیر صاحب پگارا کی زیر صدارت نیشنل پیپلز پارٹی کے غلام مرتضیٰ خان جتوئی کی قیام گاہ پر ہوا جس میں حالیہ عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف آئندہ کے احتجاجی لائحہ عمل اور ملک کی تازہ ترین سیاسی صورتحال پر تفصیلی غور و غوض کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اتحاد میں شامل جماعتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

بعد ازاں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے جی ڈی اے کے سکریٹری جنرل آیازلطیف پلیجو نے کہا کہ جی ڈی اے نے 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات کو ایک بار پھر مسترد کردیاہے۔ان انتخابات میںسندھ کے لوگوں کے عوامی منڈیٹ کو چرالیا گیا، عوام نے ہمیں ووٹ دیئے لیکن پیپلزپارٹی کے لوگوں کو کامیابی دلانے کے لئے دھاندلی کی گئی اور زبردستی پیپلزپارٹی کو سندھ کے عوام پر مسلط کیا گیا ہے ، ایاز پلیجونے سوال کیا کہ سندھ کے لوگوں کے لئے پیپلزپارٹی اتنی چہیتی کیسے ہوگئی کہ لوگوں نے ووٹ نہیں دیئے لیکن اس کے باوجود اس نے پہلے سے زیادہ نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی انہوں نے کہا کہ آبادگار اور اساتذہ پریشان تھے مگر پھر بھی مینڈیٹ پیپلزپارٹی کو دیدیا گیا جو بہت تعجب انگیز بات ہے، لوگ یہ سوال کرنے میں حق بجانب ہیں کہ بی بی کی شہادت پر بھی پی پی کو اتنی سیٹس نہیں ملی تھیں اب کیسے مل گئیں اور پیپلز پارٹی نے گزشتہ دس سال میں ایسا کیا کردیا کہ وہ سندھ کے عوام کی پسندیدہ جماعت بن گئی۔

ایاز لطیف پلیجو نے الزم لگایاکہ بادشاہ سلامت کے کہنے پر جی ڈی اے کے رہنما?ں کے انتخابی نتائج تبدیل کئے گئے، رزلٹ شیلڈ تبدیل کردی گئیں اور پولنگ اسٹیشنوں سے ہمارے نمائدوں کو زبردستی باہر نکال دیا گیا اور گنی کا عمل بھی ان کی موجودگی میں نہیں ہوا۔ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ سندھ میں شفاف الیکشن کے انعقاد تک احتجاج جاری رکھیں گے انہوں نے اس بات پر تشویش کااظہار کیا کہ نیب اور ایف آئی اے سمیت تحقیقاتی ادارے کرپٹ لوگوں کے خلاف اب سخت کارروائی کرنے سے کیوں گریز کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں پی ٹی آئی کی نئی حکومت سے بڑی توقعات وابستہ ہیں، عمران خان کو چاہیئے کہ وہ سندھ کے دیہی علاقوں کے لئے وفاقی پیکیج کا علان کریں آبادگاروں کو بھی خصوصی پیکیج دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ جی ڈی اے نے الیکشن سے پہلے ہی تعاون کا اعلان کردیا تھا۔جی ڈی اے نے وفاق سے بات کرنے اور فیصلہ سازی کا مینڈیٹ پیرپگارا کو دیا ہی,ایاز لطیف پلیجونے اس بات کی مذمت کی کہ سندھ میں جی ڈے ای کے لوگوں پر جھوٹے مقدمات درج کیے جارہے ہیں،انہوں نے مطالبہ کیا کہ سندھ کو کرپشن سے نجات دلائی جائے ,چیف سیکریٹری اور آئی جی سندھ پولیس غیرجانبدار لوگ لگائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ 14 اگست کے بعد ہڑتال سمیت دیگر لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔اس موقع پر سندھ کے سابق وزیر اعلیٰ اور جی ڈی اے کے رکن سید غوث علی شاہ نے کہا کہ گند زدہ الیکشن کو صاف کرنے کے لئے بھر پور جدوجہد کی جائے گی ،جی ڈی اے نے عمران خان کی بھرپور حمایت کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور پیر صاحب پگارا نے پہلے ہی اس بات کا عندیہ دیدیا تھا۔

اس موقع پر پیر صدر الدین شاہ راشدی نے کہا کہ سندھ کے غریب ووٹرز نے ہمیں ووٹ دئیے تھے اورعوام نے الیکشن میں بھرپور حصہ لیا تھا لیکن نتائج تبدیل کردیئے گئے۔انہوں نے کہا کہ ہم حوصلہ نہیں ہارے ہیں اورصوبے کے عوام مایوس ہیں کرینگے اور انہیں ان کا حق دلانے کے لئے اپنی جدو جہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جی ڈی اے کو ایک سازش کے تحت ہرایا گیا ہے ، سندھ میں عوامی منڈیٹ پیپلزپارٹی کا تھا جو اسے دیا گیا، پیر صدرالدین شاہ راشدی نے کہا کہ یہ کیسا الیکشن ہے جس میں جیتنے اور ہارنے والے سب پریشان ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئندہ حکمرانوں کو سندھ کے مسائل حل کرنا ہونگے۔ پیپلز پارٹی انتقامی سیاست سے باز رہے اگر ایسا کیا گیا تو وہ عوامی غیض و غضب سے محفوظ نہیں رہ سکے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات