اسلام آباد اور راولپنڈی میں شدید طوفانی بارش

نشیبی علاقے زیرآب،سڑکیں ندی نالوں میں تبدیل

Fahad Shabbir فہد شبیر منگل 7 اگست 2018 10:22

اسلام آباد اور راولپنڈی میں شدید طوفانی بارش
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7اگست۔2018ء) اسلام آباد، راولپنڈی میں موسلا دھار بارش نے جل تھل ایک کر دیا۔ سڑکیں تالاب بن گئیں، شہر میں 202 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ نالہ لئی میں پانی کی سطح 14 فٹ تک پہنچ گئی، واسا نے راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی۔تفصیلات کے مطابق، جڑواں شہروں میں رات گئے موسلا دھار بارش جل تھل ایک ہوگیا۔

راولپنڈی میں طوفانی بارش سے سڑکیں تالاب بن گئیں، صادق آباد، شمس آباد، کمیٹی چوک، جاوید کالونی کے علاقے ڈوب گئے۔ پانی گھروں میں داخل ہو گیا جس کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ موسلا دھار بارش کے بعد نالہ لئی میں رتہ پل کے مقام پر پانی کی سطح 14 فٹ تک پہنچ گئی۔ وقفے وقفے سے جاری بارش سے پانی کی سطح مزید بلند ہونے کا خدشہ ہے۔

(جاری ہے)

شدید طوفانی بارش کے بعد نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔

نالہ لئی میں بھی پانی کی سطح میں اضافہ،نالہ لئی کی سطح بھی بڑھ گئی ۔ نالہ لئی کے کنارے واقع مکانات بہنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ بارش سے دوسرے نشیبی علاقے بھی زیر آب آگئے۔شہر میں اب تک 202 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ واسا نے رین ایمرجنسی نافذ کر دی۔ نشیبی علاقوں سے پانی نکالنے کیلئے واسا کی ٹیمیں پہنچ گئی اور اقدامات شروع کر دیئے گئے۔

موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے آج اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالا، فیصل آباد، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔منگل کے روز ہزارہ، کوہاٹ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں کہیں کہیں تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

مالاکنڈ، پشاور، مردان، بنوں، ڈی آئی خان، ژوب، میرپورخاص، بہاولپور ڈویژن اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور شدید مرطوب رہے گا۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور شدیدمرطوب رہا تاہم ہزارہ، راولپنڈی ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کےساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش کشمیر میں مظفرآباد13، گڑھی دوپٹہ09، پنجاب میں اسلام آباد (سیدپور11، زیروپوائنٹ04)، مری04، خیبرپختونخوا میں بالاکوٹ01ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔