Live Updates

وفاقی کابینہ کی حلف برداری ، پہلے مرحلے میں 11 رُکنی وفاقی کابینہ حلف اُٹھائے گی

عمران خان کی 11رکنی کابینہ پاکستان الیون کے نام سے حلف اٹھائے گی، حلف برداری کی تقریب 13 اگست کو متوقع

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 7 اگست 2018 12:30

وفاقی کابینہ کی حلف برداری ، پہلے مرحلے میں 11 رُکنی وفاقی کابینہ حلف ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07 اگست 2018ء) : پاکستان تحریک انصاف مرکز میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے جس کے لیے گذشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بھی ہوا۔ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان پہلے مرحلے میں 11رکنی کابینہ کے ساتھ حلف اٹھائیں گے ۔ عمران خان کی 11رکنی کابینہ ''پاکستان الیون'' کے نام سے حلف اُٹھائے گی۔

11 رکنی متوقع کابینہ کے اراکین میں اسد عمر، خسرو بختیار، شیریں مزاری، چودھری سرور، ڈاکٹر عارف علوی، شیخ رشید ، فواد چودھری ، طارق بشیر چیمہ،پرویز خٹک، غلام سرور خان شامل ہوں گے۔ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے کچھ ارکان کو وزیر مملکت بھی بنایا جا رہا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے پنجاب کے وزیر اعلیٰ کا نام 10 اگست تک سامنے آجائے گا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب یہ خبر سامنے آئی ہے کہ عام انتخابات 2018ء میں میں کامیاب ہونے والے ارکان کی حلف برداری کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس 13 اگست کو طلب کئے جانے کا امکان ہے جبکہ وزیراعظم کا انتخاب 15 اگست کو متوقع ہے ۔ ذرائع قومی اسمبلی کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس کے لیے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے ابتدائی طور پر شیڈول تیار کر لیا ہے۔ جس کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے آج 7 اگست کو ارکان اسمبلی کی کامیابی کے نوٹیفکیشن جاری کئے جائیں گے جبکہ 10 اگست تک آزاد ممبران سیاسی جماعتوں میں شمولیت اختیار کریں گے اور اسی طرح 11 اگست کو مخصوص نشستوں کے لیے اقلیتی اور خواتین ممبران کے نوٹیفکیشن الیکشن کمیشن سے جاری کئے جائیں گے۔

جس کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس 13 اگست کو بلایا جائے گا۔ 13 اگست کو ارکان حلف اُٹھائیں گے جبکہ اسپیکرقومی اسمبلی اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کا انتخابات بھی 13 اگست کو ہی متوقع ہے جس کے بعد 15 اگست کو ممکنہ طور پر وزیراعظم کا انتخاب ہوگا۔ وزارت عظمیٰ کے عہدے کے لیے تقریب حلف برداری ایوان صدر میں ہی منعقد کی جائے گی جس میں چند مہمانوں کو مدعو کیا جائے گا اور ان مہمانوں میں 1992ء کے ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کے کھلاڑی بھی شامل ہوں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات