Live Updates

کراچی سے پاکستان تحریک انصاف کا ایک رُکن اسمبلی اشتہاری نکل آیا

پی ایس 116سے کامیاب رہنما شہزاد اعوان 2014ء سے اشتہاری ہے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 7 اگست 2018 14:39

کراچی سے پاکستان تحریک انصاف کا ایک رُکن اسمبلی اشتہاری نکل آیا
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07 اگست 2018ء) : پاکستان تحریک انصاف کا ایک اور رُکن اسمبلی اشتہاری نکل آیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے حلقہ پی ایس 116 سے منتخب ہونے والے پاکستان تحریک انصاف کے رُکن اسمبلی شہزاد ایوان 21 اگست 2014ء سے ہی اشتہاری ہیں۔ اشتہاری ہونے پر پی ایس 116 سے شہزاد ایوان کی کامیابی کو مسلم لیگ ن کے اُمیدوار صالحین نے چیلنج کیا تھا۔

میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ سندھ ہائیکورٹ کے دو رُکنی بنچ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہزاد اعوان کی پی ایس 116 سے کامیابی کا نوٹی فکیشن روکنے کی ہدایت کر دی ہے۔سندھ ہائیکورٹ کے دو رُکنی بنچ نے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 10 اگست تک جواب بھی طلب کر لیا ہے۔ دوران سماعت مسلم لیگ ن کے اُمیدوار صالحین نے موقف اختیار کیا کہ شہزاد اعوان 21 اگست 2014ء سے اشتہاری ہیں اور ان کے خلاف چیک بائونس ہونے کا کیس تھا اور ان پر الزام عائد تھا کہ انہوں نے ایک کروڑ روپے کا چیک دیا جو بائونس ہو گیا۔

(جاری ہے)

صالحین نے موقف اختیار کیا کہ اگر کوئی اُمیدوار اپنی اصلیت سے الیکشن کمیشن کو آگاہ نہ کرے تو وہ آئین کے آرٹیکل 62،63 پر پورا نہیں اُترتا، لہٰذا شہزاد اعوان کی کامیابی کا نوٹی فکیشن جاری ہونے سے روکا جائے۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز ایم کیو ایم پاکستان کے شیخ صلاح الدین نے تحریک انصاف کے کامیاب اُمیدوار محمد اسلم کے خلاف ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست مبینہ اشتہاری ملزم اور تحریک انصاف کے قومی اسمبلی کے حلقہ 254 سے کامیاب ہونے والے اُمیدوار محمد اسلم کے خلاف دائر کی گئی۔ درخواست میں مؤقف پیش کیا گیا کہ محمد اسلم عدالت سے اشتہاری ہیں، کراچی کی کسٹم اینڈ ٹیکسیشن کی عدالت محمد اسلم کو اشتہاری قرار دے چکی ہے، عدالت سے استدعا ہے کہ این اے 254 سے محمد اسلم کی کامیابی کو کالعدم قرار دیا جائے۔

محمد اسلم کے اشتہاری ہونے سے متعلق دستاویزات کو درخواست کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے۔اس سے پہلے بھی حلقہ این اے 254 سے اسلم خان کے مدمقابل ایم کیوایم پاکستان کے اُمیدوار شیخ صلاح الدین عدالتی فیصلہ لے کر ریٹرننگ آفس پہنچ گئے تھے کسٹم کورٹ کا فیصلہ پیش کرتے ہوئے مؤقف پیش کیا کہ اسلم خان اسمگلنگ کے کیس میں مفرور تھے۔ 29 اکتوبر1997 کو کسٹم کورٹ نے اسلم خان کو اشتہاری قرار دیا تھا، اسلم خان نے انتخابی دستاویزات میں حقائق چھپائے اس لئے وہ آئین کے آرٹیکل 62،63 کے تحت صادق و امین نہیں رہے، لہٰذا الیکشن کمیشن اسلم خان کو نااہل قرار دے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات